آئندہ مالی سال بجلی کے 16 لاکھ نئے کنکشن دیے جائیں گے

علیم ملک  بدھ 16 مئ 2018
زیادہ ترگھریلو،14رواں سال ہزار675دیہات کوبجلی ملی،مجموعی کنکشنز2.8 کروڑ ہو گئے
 فوٹو: فائل

زیادہ ترگھریلو،14رواں سال ہزار675دیہات کوبجلی ملی،مجموعی کنکشنز2.8 کروڑ ہو گئے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال بجلی کے 16 لاکھ نئے کنکشن دینے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے جن میں سے 14 لاکھ 42 ہزار سے زائد کنکشن گھریلو صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔

دستیاب دستاویز کے مطابق مالی سال 2018-19 کے دوران ملک بھر میں بجلی کے صارفین کو 15 لاکھ 92ہزار 658 نئے کنکشن فراہم کیے جانے کا امکان ہے جن میں سے 1 لاکھ 30ہزار477 کنکشن کمرشل اور 12 ہزار 778 صنعتی ہوں گے جبکہ 6 ہزار 725 دیگر کٹیگریز کے کنکشن دیے جائیں گے۔ دستاویز کے مطابق 2017-18 کے دوران بجلی کے 7 لاکھ 90ہزار 50سے زائد گھریلو کنکشن دیے گئے جبکہ کمرشل کنکشنوں کی تعداد 72ہزار 374 رہی، بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے رواں سال 7ہزار10 صنعتی کے ساتھ دیگر کیٹگریز کے 3 ہزار 880 کنکشن فراہم کیے گئے۔

دستاویز میں بتایاگیا کہ رواں مالی سال 14 ہزار675 دیہات کو بجلی کی سہولت فراہم کی گئی جس کے بعد بجلی کے مجموعی کنکشنوں کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ80 لاکھ تک پہنچ گئی۔ دستاویز کے مطابق 132کے وی کی 358 کلومیٹر طویل لائنیں بچھائی گئیں اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سیکنڈری ٹرانسمشن اینڈ گرڈ، ڈسٹری بیوشن آف پاور اور انرجی لاس ریڈکشن پروگراموں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، آئندہ مالی سال 500اور 220 کے وی کی بجلی کی ترسیلی لائنوں کی صلاحیت بڑھا کر 3ہزار 150 اور 6ہزار 956 ایم وی اے تک کی جائے گی۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال 500 کے وی کی 1ہزار 296 کلو میٹر اور 220 کے وی کی 203 کلو میٹر طویل ترسیلی لائنیں بچھائی جائیں گی، رواں مالی سال کے دوران 500کے وی کی 1 ہزار157 کلومیٹراور 220 کے وی کی372 کلومیٹر ترسیلی لائن بچھائی گئی ہے جبکہ ترسیلی لائنوں کی بہتری کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔