پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ؛ عامر خان

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 16 مئ 2018
فیڈریشن کے وفد سے ملاقات، باکسر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی
 فوٹو: فائل

فیڈریشن کے وفد سے ملاقات، باکسر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، میری اکیڈمی کے دروازے تمام لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ساتھ پاکستان میں باکسنگ کے مسائل جلد حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے، سیکریٹری اسپورٹس پنجاب سے بات ہوئی جس میں پورے صوبے میں رنگ بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں ایک ہے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستانی کھلاڑی باکسنگ میں بھی اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر حاجی خالد محمود، سیکریٹری جنرل کرنل (ر) ناصر اعجاز کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: باکسرعامر خان اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

جوائنٹ سیکریٹری شرجیل ضیا بٹ، ٹو اسٹار آئبا کوچ طارق گجر پر مشتمل وفد نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور ایشین گیمز کی تیاریوں میں عالمی چیمپئن باکسر سے مدد طلب کی، عامر خان نے یقین دہانی کرائی کہ میری جانب سے اکیڈمی سمیت دیگر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ فیڈریشن کے حکام کا کہنا تھا کہ بے پناہ مصروفیات کے باوجود عامر خان کا پاکستان میں باکسنگ کے فروغ میں دلچسپی لینا بڑی خوش آئند بات ہے، ان کی سپورٹ اور رہنمائی حاصل رہی تو ملک میں موجود باکسنگ کا ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔