چین میں 32 ہزار فٹ کی بلندی پر مسافر طیارے کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی

ویب ڈیسک  بدھ 16 مئ 2018
 ونڈ اسکرین ٹوٹنے سے طیارہ فضا میں 24 ہزار فٹ نیچے آگیا۔ فوٹو : رائٹرز

ونڈ اسکرین ٹوٹنے سے طیارہ فضا میں 24 ہزار فٹ نیچے آگیا۔ فوٹو : رائٹرز

بیجنگ: چین کے مسافر بردار طیارے کی دورانِ پرواز 32 ہزار فٹ بلندی پر ونڈ اسکرین ٹوٹنے کے باعث ہچکولے کھاتے جہاز کو پائلٹ نے مہارت کے ساتھ زمین پر اتار لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی فضائی کمپنی کے ایئر بس A319 طیارے کی ونڈ اسکرین دھماکے سے پھٹ گئی جس کے باعث معاون پائلٹ کاک پٹ سے باہر کی جانب کھنچا چلا جا رہا تھا جب کے جہاز ہچکولے کھانے لگا، طیارہ تیزی سے 24 ہزار فٹ نیچے کی جانب آنے لگا جب کہ انتہائی شور کی وجہ سے کنٹرول ٹاور کی آواز بھی سنائی نہیں دے رہی تھی تاہم اس دوران پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کروادی۔

مسافر طیارے میں 119 افراد سوار تھے جو پائلٹ کی حاضر دماغی اور مہارت کے باعث محفوظ رہے تاہم معاون پائیلٹ کو ونڈ اسکرین کے ٹکڑے لگنے سے معمولی زخم آئے ہیں جب کے 17 مسافروں کا طبی معائنہ بھی کیا گیا جس میں سے کسی کو بھی غیر معمولی چوٹیں نہیں آئی ہیں۔ بحفاظت لینڈنگ کرانے پر سوشل میڈیا پر طیارے کے پائلٹ کی تعریف کی جا رہی ہے۔

جہاز ساز کمپنی ایئر بس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیم کو چین روانہ کر رہے ہیں جو اپنی رپورٹ مرتب کر کے پیش کریں گے جس کی بنیاد پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا اور معیار میں کمی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی دوسری جانب چین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔