چینی سیاح کو متنازعہ نقشے والی شرٹ پہننا مہنگا پڑگیا

ویب ڈیسک  بدھ 16 مئ 2018
سیاح نے چین کے نقشے والی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس میں ویت نام کی بحری سرحد کو چین کا حصہ دکھایا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

سیاح نے چین کے نقشے والی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس میں ویت نام کی بحری سرحد کو چین کا حصہ دکھایا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

ہنوئی: چین کے متنازع نقشے والی تصویر کی ٹی شرٹ پہننے پر ویت نام سے ایک چینی سیاح کو ملک بدر کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ویت نام میں ایک چینی سیاح نے ایسی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر چین کے پرانے نقشے والی تصویر موجود تھی جس میں متنازع جنوبی بحیرہ کو چین کا حصہ دکھایا گیا تھا جب کے ویت نام کا دعوی ہے کہ یہ علاقہ اس کی ملکیت ہے۔ انٹرنیٹ پر سیاح کی متنازع ٹی شرٹ کی تصاویر نے ویت نام کے شہریوں میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی جس پر چینی سیاح کو فوری طور پر ملک بدر کردیا گیا۔

چین کے سیاح کو ملک بدری کے فیصلے کا اس وقت معلوم ہوا جب وہ رانہہ ایئرپورٹ کے امیگریشن ڈیسک پر روک دیا گیا اور ہدایت کی گئی انہیں ایئرپورٹ چھوڑنے کی اجازت اس وقت ملے گی جب وہ یہ متنازع شرٹس اتار دیں گے، بحث ومباحثے کے بعد چینی سیاح کو ٹی شرٹ اتارنی پڑی جس کے بعد انہیں ملک بدر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ علاقائی حدود کے تنازع کو ویت نام میں بہت اہمیت حاصل ہے اور وہ اس حوالے سے اپنے طاقت ور ہمسائے کے ساتھ جنگ کی تلخ تاریخ بھی رکھتے ہیں۔ اس سے قبل بھی 2016 میں ویت نام کے ایئرپورٹ اہلکار نے چینی سیاح کے بیجنگ کے نقشے والے پاسپورٹ پر قابل اعتراض جملہ لکھ دیا تھا اور بعد ازاں ڈانانگ اور پھو ژوک جزیرے پر اہل کاروں نے چین کے نقشے والے پاسپورٹ پر داخلے کی مہر لگانے سے انکار کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔