گرمی کی شدت میں اضافہ، شہری احتیاط کریں

ایڈیٹوریل  جمعرات 17 مئ 2018
گھروں میں خصوصی طور پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فوٹو : فائل

گھروں میں خصوصی طور پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فوٹو : فائل

ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ نوٹ کیا جارہا ہے، سورج کی جولانیاں اپنے عروج پر ہیں اور گرمی بڑھنے سے عوام کو ہیٹ اسٹروک کے خدشات بھی پریشان کررہے ہیں۔ رمضان المبارک میں گرمی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ عوام چند سال قبل ماہِ رمضان میں ہی آنے والے ہیٹ اسٹروک اور اس کی تباہی کو نہیں بھولے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے فی الحال ہیٹ اسٹروک نہ آنے کا امکان ظاہر کرکے عوام کو دلاسا دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوئی تو 3 دن قبل پیش گوئی کردی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران اگلا ہفتہ گرم گزرے گا جس کے دوران درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گرمی کی شدید لہر (ہیٹ ویو) کا فی الحال کوئی خدشہ نہیں تاہم گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، اس لیے لازم ہوگا کہ عوام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھیں تاکہ کسی ناگہانی سے بچا جاسکے۔

2015 میں رمضان کے مہینے میں ہی آنے والا ہیٹ اسٹروک سیکڑوں جانوں کے نقصان کا باعث بنا تھا۔ کراچی میں ہوا کے کم دباؤ  کی وجہ سے سمندری ہوائیں رکنے سے آیندہ 47 گھنٹوں میں گرمی کا پارہ 41 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، سکھر، حیدرآباد، میرپورخاص اور ملک کے دیگر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران براہ راست دھوپ میں نکلنے سیاس کی تمازت کے باعث جلد متاثر ہوسکتی ہے، بچوں اور ضعیف افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے روکا جائے۔ گرمی کی وجہ سے خارج ہونے والے پسینے سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے ایسی صورت میں پانی نہ پینے سے سر درد، چکر آنا اور متلی محسوس ہونے لگتی ہے۔

شہری شدید گرمی میں دن بھر میں 15گلاس پانی پیئیں، پانی پینے سے خون میں پانی کا تناسب بھی برقرار رہتا ہے، خون میں پانی کی کمی سے سیل کا توازن بھی بگڑ سکتا ہے۔ دوپہر 12 سے 4 بجے تک تیز دھوپ میں نکلنے سے اجتناب برتیں۔

اس میں تو کوئی شک نہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ اس بار یہ اچھا فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں اسکولوں کے بچوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے چھٹیاں 14 مئی اور پنجاب میں 17مئی سے ہی دے دی گئیں، لیکن سندھ میں پہلی بار اسکولوں اور کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول مختلف ہوگیا ہے، صوبائی محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا پرانا شیڈول ہی بحال رکھا ہے اور سندھ بھر کے سرکاری و نجی کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے مطابق اس وقت کراچی سمیت پورے صوبہ میں انٹر کے امتحانات جاری ہیں لہٰذا فی الوقت تعطیلات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دوسری جانب شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی بے تحاشا لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔

گھروں میں خصوصی طور پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، طلبا کی پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ گرمی کی شدت اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے حکومت، بجلی و پانی کے محکمے اور دیگر ادارے عوام کا احساس کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔