ٹیسٹ رینکنگ میں 8 درجے ترقی، محمد عباس کی کیریئر بیسٹ 29 ویں پوزیشن

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 17 مئ 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 دبئی: فاسٹ بولرز محمد عباس نے آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں 110رنز کے عوض 9 وکٹیں اڑانے والے عباس نے 8 درجے بہتری ملنے پر کیریئر بیسٹ 29ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

آئرلینڈ سے ٹیسٹ میں فتح پاکستانی پلیئرز کی عالمی رینکنگ میں بہتری کا ذریعہ بن گئی جب کہ فاسٹ بولرز محمد عباس اور محمد عامر نے ترقی کی منازل طے کرلیں، میچ میں 110رنز کے عوض 9 وکٹیں اڑانے والے عباس نے 8 درجے بہتری ملنے پر کیریئر بیسٹ 29ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ محمد عامر کو 2 درجے ترقی نے 37ویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، انھوں نے 72رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔

اسپنر شاداب خان نے ایک ہی جست میں 14 درجے کی چھلانگ لگاکر104ویں نمبر پر جگہ بنالی، ڈیبیو کرنے والے قومی آل راؤنڈر فہیم اشرف نے پہلی اننگز میں 83رنز بنانے کا صلہ ٹیسٹ رینکنگ میں 81ویں نمبر سے انٹری کی صورت پایا جبکہ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین امام الحق نے 113ویں پوزیشن سے سفر کی شروعات کرڈالی، انھوں نے دوسری اننگز میں فتح گر 74رنز ناٹ آؤٹ بنائے، بابر اعظم نے 5 درجے بہتری ملنے پر 100ویں نمبر پر جگہ بنالی۔

آئرلینڈ کیلیے کیون اوبرائن نے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 40 اور دوسری کاوش میں 118 کی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر ڈیبیو پر 440 پوائنٹس جوڑ کر 66ویں پوزیشن سے انٹری ڈال دی، وہ پوائنٹس کے اعتبار سے ڈیبیو کرنے والی کسی بھی ٹیم کے 141 برسوں میں پہلے بہترین بیٹسمین ثابت ہوئے، ان کی عمدہ کاوش کی بدولت آئرش ٹیم فالوآن کے باوجود بڑا مجموعہ ترتیب دینے  میں کامیاب ہوئی، انھوں نے مجموعی طور پر158رنز بنائے، ان سے قبل ٹیم کے ڈیبیو ٹیسٹ پر آسٹریلوی اوپنر چارلس بینرمین 447 پوائنٹس جوڑنے میں کامیاب رہے تھے انھوں نے مارچ 1877 میں میلبورن پر انگلینڈ کیخلاف منعقدہ ٹیسٹ میں 165 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، ان کے علاوہ بنگلادیش کے امین الاسلام نے 2001 میں ٹیم کے اولین ٹیسٹ میں 432 رینکنگ پوائنٹس پائے، زمبابوے کے ڈیوڈ ہاؤٹن نے1992 میں اپنے ملک کا پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے 431 رینکنگ پوائنٹس جوڑے تھے۔

فاسٹ بولر ٹم مرٹگ نے بھی عمدہ شروعات کرتے ہوئے 67ویں پوزیشن پر قدم رکھ دیے، انھوں نے پاکستان سے میچ میں 100رنز کے عوض 6 شکار کیے، علاوہ ازیں بیٹنگ میں جنوبی افریقی اسٹار ہاشم آملا ایک درجے ترقی ملنے پر ٹاپ 10 کے آخری شریک بن گئے۔

اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے، ویرات کوہلی دوسرے، جوئے روٹ تیسرے، کین ولیمسن چوتھے، ڈیوڈ وارنر پانچویں، ابراہم ڈی ویلیئرز چھٹے، چتیشورپجارا ساتویں، ڈین ایلجر آٹھویں اور ایڈین مارکیرم نویں نمبروں پر رہے، بولنگ میں ٹاپ 10 میں کوئی تغیر رونما نہیں ہوا، کیگاسوربادا حسب سابق پہلے، جیمز اینڈرسن دوسرے، ورنون فیلینڈر تیسرے، رویندرا جڈیجا چوتھے، روی چندرن ایشون پانچویں، مورن مورکل چھٹے، پیٹ کمنز ساتویں، ٹرینٹ بولٹ آٹھویں، رنگانا ہیراتھ نویں اورنیل ویگنردسویں نمبروں پر ہیں، ٹاپ فائیوآل راؤنڈرزمیں شکیب الحسن (بنگلہ دیش)، رویندرا جڈیجا (بھارت)، ورنون فیلینڈر (جنوبی افریقہ)، روی چندرن ایشون (بھارت) اوربین اسٹوکس (انگلینڈ) شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔