حبس کے باعث گرمی زیادہ محسوس کی گئی، آج پارہ 40 ڈگری ہو سکتا ہے، محکمہ موسمیات

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 مئ 2018
آج موسم خشک رہے گا،گرمی کاپارہ40ڈگری کوچھوسکتاہے،یکم رمضان سے شروع ہونیوالی گرمی کئی روزتک جاری رہے گی۔ فوٹو: فائل

آج موسم خشک رہے گا،گرمی کاپارہ40ڈگری کوچھوسکتاہے،یکم رمضان سے شروع ہونیوالی گرمی کئی روزتک جاری رہے گی۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کراچی میں بدھ کو سمندری ہوائیں چلنے اور بند ہونے کے باعث دن کے وقت دوپہر میں حبس کی کیفیت رہی، گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی تاہم آج یکم رمضان کو موسم گرم اورخشک رہے گا جب کہ گرمی کا پارہ40ڈگری کو چھو سکتا ہے۔

کراچی میں بدھ کو40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار سمندری ہواؤں کی وجہ سے گرمی کا پارہ35.3 ڈگری رہا تاہم ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی طور پر بڑھنے کے باعث دن کے وقت حبس کی کیفیت پیدا ہوئی اور گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ چھونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو صبح سے ہی ہوا میں نمی کاتناسب بڑھ کر 82 فیصد ریکارڈ ہوا جبکہ دن بھر 56 اور شام کے وقت بھی نمی کا تناسب 62 فیصد رہا جس کی وجہ سے درجہ حرارت کم ہونے کے باوجود مجموعی طورپر موسم گرم اور خشک رہا، اور دوپہر کے وقت حبس کی کیفیت رہی گزشتہ روز دن بھر سمندر کی 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی جنوب مغربی سمت کی ہواؤں نے گرمی کی شدت کو کافی حد تک کم رکھا تاہم اس کے باوجود دن بھر شدید گرمی رہی جب کہ بدھ کے روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

محکمہ موسمیات نے آج (جمعرات) کو گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے جس کے دوران گرمی کا پارہ 40 ڈگری کو چھوسکتا ہے یکم رمضان کو شروع ہونے والی گرمی کی اس لہر کا سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے اس دوران پارہ41 ڈگری تک بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ گرمی کی لہر میں منگل سے کمی آنے کی توقع ہے گرمی کی اس نئی لہر کی بنیادی وجہ ہوا کا کم دباؤ ہے جس کی وجہ سے سمندر کی سمت سے چلنے والی ہوائیں بند ہوسکتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔