ثانیہ مرزا کی بہن کا شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 17 مئ 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ممبئی: بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا نے شادی کےدوسال بعد اچانک اپنے شوہر سے علیحدگی کی تیاری کرلی۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے گھر ان دنوں ننھے مہمان کی آمد کی تیاریاں جاری ہیں۔ جہاں یہ دونوں اپنی زندگی میں اس نئے اضافے سے بے انتہاخوش ہیں وہیں ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا کی زندگی میں کچھ بھی ٹھیک نہیں چل رہا۔ انعم مرزا نے اپنی دوسالہ شادی کے اختتام کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع

میڈیا رپورٹس کے مطابق انعم مرزا  دوسال قبل 2016 میں اپنے قریبی دوست اور بھارتی شہری اکبر رشید کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں، دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کی شادی کی تھی جس میں دونوں کے گھر والوں سمیت بالی ووڈ اوراسپورٹس کی فیلڈ کی متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔ تاہم اب اچانک انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی کافیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علیحدگی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے تاہم قانونی کارروائی کاعمل جاری ہے۔ بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق انعم کا زیادہ تر فوکس اپنے گھر کے بجائے اپنی بڑی بہن ثانیہ مرزا کی اسٹائلسٹ بننے اور ان کیلئے فیشن اور ڈیزائنر لباس منتخب کرنے میں ہی رہتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی

واضح رہے کہ انعم مرزا کی شادی بالی ووڈ کی بڑی شادیوں میں سے ایک تھی جس میں  سلمان خان، پرینیتی چوپڑا، فرح خان، ارجن کپور سمیت متعدد سپر اسٹارز نے شرکت کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔