2018 کے عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین پر کوئی پابندی نہیں، الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  جمعرات 17 مئ 2018
انتخابات میں مبصرین کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،ترجمان الیکشن کمیشن	فوٹو: فائل

انتخابات میں مبصرین کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،ترجمان الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ الیکشن کمیشن تمام مبصرین کو انتخابی عمل کا اہم جزسمجھتا ہے اورالیکشن کمیشن غیرملکی مبصرین کو انتخابی عمل سے دورنہیں رکھنا چاہتا، آئندہ عام انتخابات کے لیے تمام مبصرین کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، غیرملکی انتخابی مبصرین کو عالمی طریقہ کار کے تحت ایکریڈیشن کارڈ جاری کئے جائیں گے، غیرملکی مبصرین انتخابی عمل کے جائزے کے لیے اپنی درخواستیں وزارت داخلہ کے ذریعے بھیجتے ہیں، وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد الیکشن کمیشن مبصرین کو اجازت نامے جاری کرے گا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 میں ان مٹ سیاہی استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے پی سی ایس آئی آرکومطلوبہ مقدارمیں سیاہی تیارکرنے کی ہدایت کردی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے لیے 5 لاکھ 59 ہزار125 اسٹیمپ پیڈ جب کہ ان مٹ سیاہی کے 4 لاکھ 6 ہزار485 مارکراستعمال ہوں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں سے پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ بوتھ کا ڈیٹا طلب کرلیا ہے، چاروں صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 21 مئی تک ڈیٹا بھجوادیاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔