پنجاب اسمبلی میں حکومتی و اپوزیشن ارکان لڑ پڑے، ایوان اکھاڑہ بن گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 17 مئ 2018
اسپیکر ارکان کو تحمل و برادشت کی تلقین کرتے رہے،فوٹو:فائل

اسپیکر ارکان کو تحمل و برادشت کی تلقین کرتے رہے،فوٹو:فائل

 لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن عارف عباسی کے متنازعہ الفاظ اقلیتی ایم پی ایز کو مشتعل کر گئے جس پر ارکان  میں پہلے تلخ کلامی ہوئی پھر دست و گریبان ہوگئے اور ایوان اکھاڑہ بن گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر رانا اقبال کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری تھا اور ایوان میں نواز شریف کے بیانیے کا ذکر ہورہا تھا، اپوزیشن کی جانب سے کی گئی تنقید پر کچھ حکومتی ارکان نے بھرپور جواب دیے، اسی دوران حکومتی ارکان نے بنی گالہ سے متعلق انکشافات کئے، ایسے میں تحریک انصاف کے رکن عارف عباسی خود پر کنٹرول نہ کر سکے اور اقلیتی رکن کو مخاطب کرتے ہوئے نازیبا الفاظ استعمال کرگئے۔

عارف عباسی کے بیان پر ایوان میں تلخی بڑھ گئی، ایک روسے پر الزامات لگاتے ہوئے حکومتی اور اپوزیشن ارکان باہم دست و گریبان ہوگئے۔ کچھ نے آستینیں چڑھائیں تو کچھ نے ایک دوسرے کو نازیبا الفاظ کہے، ہنگامہ آرائی میں ایوان میدان جنگ بن گیا اور اسپیکر بھی اس ساری صورت حال پر قابو پانے ناکام رہے اور ماہ رمضان میں مغلظات نہ بکنے کی اپیل کرتے رہے، لڑائی زیادہ بڑھی تو حکومتی و اپوزیشن ارکان تصادم روکنے کےلئے میدان میں آئے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی

اپوزیشن ارکان کے سمجھانے پر عارف عباسی نے اپنے الفاظ پر معذرت کرلی لیکن اقلیتی ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اور عارف عباسی کی معطلی کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔