لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح

ایڈیٹوریل  جمعـء 18 مئ 2018
اورنج لائن ٹرین سروس سے لاہور پاکستان کا پہلا بن جائے گا جہاں مسافروں کو میٹرو ٹرین کی سہولت میسر ہو گی۔ فوٹو: ایکسپریس

اورنج لائن ٹرین سروس سے لاہور پاکستان کا پہلا بن جائے گا جہاں مسافروں کو میٹرو ٹرین کی سہولت میسر ہو گی۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور میں بدھ کو اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس ٹرین میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ چین کے قونصل جنرل، سینئر صحافی‘ کالم نگار‘ ٹی وی اینکرز سوار تھے۔ ٹرین نے تقریباً گیارہ‘ بارہ کلو میٹر کا ٹیسٹ رن کامیابی سے مکمل کر لیا۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین ٹریک کی کل لمبائی 27.12 کلو میٹر ہے۔ اس میں سے25.4 کلو میٹر ٹریک زمین کے اوپر ہے جب کہ پونے دو کلو میٹر ٹریک زیرزمین ہے۔ ٹرین میں پانچ بوگیاں ہیں اور یہ ٹرین 27کلو میٹر کا فاصلہ 40منٹ میں طے کرے گی اور اس سے یومیہ ڈھائی لاکھ مسافر مستفید ہو سکیں گے۔ ابھی ٹریک کے کچھ حصوں کا کام مکمل ہونا باقی ہے‘ جیسے ہی یہ کام مکمل ہو گا‘ یہ ٹرین سروس باقاعدہ طور پر سروس شروع کر دے گی۔

اورنج لائن ٹرین سروس سے لاہور پاکستان کا پہلا بن جائے گا جہاں مسافروں کو میٹرو ٹرین کی سہولت میسر ہو گی۔ یوں لاہور پاکستان کے جدید انفرااسٹرکچر والا شہر بن گیا ہے۔ ملک کے چاروں صوبوں کی صوبائی حکومتوں کو بھی چاہیے کہ وہ اس منصوبے سے اپنے لیے راہ عمل متعین کریں اور اپنے شہروں میں جدید انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ خصوصاً سندھ حکومت کے لیے زیادہ سوچنے کا مقام ہے کہ وہ کراچی جیسے میگا اور انٹرنیشنل سٹی میں کیسے ٹرین سروس شروع کر سکتی ہے۔

بلاشبہ کراچی میں بھی ٹرین منصوبے پر کام کی نوید سنائی دے رہی ہے لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کراچی وہ شہر ہے جس میں ایکسپریس ریلوے چلا کرتی تھی‘ اگر ہماری حکومتیں عوامی فلاح پر توجہ دیتیں تو آج کراچی شہر میں دنیا کا بہترین میٹرو ٹرین نیٹ ورک موجود ہونا چاہیے تھا‘ بہر حال اب بھی کام شروع کیا جائے تو کبھی تو منزل مل ہی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔