ابوظہبی کی شیخ زائد مسجد میں روزانہ 35 ہزار افراد کا افطار

افطار میں 12 ٹن مرغی، 6 ٹن گوشت پکانے کے لیے ایک ہزار سے زائد افراد کا عملہ موجود ہے۔


ویب ڈیسک May 18, 2018
شیخ زائد مسجد ابوظہبی میں ایئرکنڈیشنڈ خیموں میں مشرقِ وسطیٰ کا سب سے بڑا افطار ہوتا ہے۔ فوٹو: خلیج ٹائمز

پورے متحدہ عرب امارات میں سے بڑی بلامعاوضہ افطاری شیخ زائد مسجد کے احاطے میں پیش کی جارہی ہے جہاں روزانہ 35 ہزار سے زائد افراد روزہ افطار کررہے ہیں۔



ان تمام افراد کو افطار اور کھانے کی سہولیات پہنچانے کے لیے روزانہ 12 ٹن مرغی اور 6 ٹن بکرے کا گوشت پکایا جاتا ہے جن سے مزیدار طعام بنانے کے لیے باورچیوں کی ایک پوری فوج رکھی گئی ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق ایک ہزار افراد دن رات افطاری بنانے میں جتے رہتے ہیں۔



اسٹاف میں 350 باورچی، 160 مددگار باورچی اور 450 بیرے شامل ہیں۔ یہ سب مل کر کھانے کی خریداری، صفائی، پکوان کی تیاری اور دیگر امور سنبھالتے ہیں۔ کھانا تیار ہونے کے بعد انہیں احتیاط سے ڈبوں میں رکھا جاتا ہے اور حفظانِ صحت کے بین الاقوامی معیارات کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے۔



کھانے کی تیاری کے مرکزی شیف کارسٹن گوٹشاک کہتے ہیں کہ گوشت کے علاوہ روزانہ 35 ٹن چاول، سبزی، ٹماٹر اورپیاز وغیرہ استعمال کئے جاتے ہیں۔ ایک ڈبے میں دودھ، پانی، کھجور، سیب، پھلوں کا رس، چاول اور گوشت رکھا جاتا ہے۔ کھانے کے طویل دسترخوان 11 ایئرکنڈیشنڈ خیموں میں بچھائے جاتے ہیں اور ہر خیمے میں 1500 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔



اس اہم کام کے لیے متحدہ عرب امارات کی فوج اور ہلالِ احمر کے رضاکار بھی حصہ لیتے ہیں اور افطاری کے وقت توپوں سے گولے داغے جاتے ہیں۔ یہاں اکثر غریب ممالک سے تعلق رکھنے والے مزدور، ٹیکسی ڈرائیور اور دیگر افراد آتے ہیں لیکن بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہلِ خانہ اور خواتین کے ساتھ بھی شریک ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں