گراں فروشوں کی ’’لوٹ مار‘‘ پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 18 مئ 2018
شہری انتظامیہ مہنگائی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام رہی، پھلوں کے سرکاری نرخ نامے غیرموثر ہوگئے۔ فوٹو: فائل

شہری انتظامیہ مہنگائی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام رہی، پھلوں کے سرکاری نرخ نامے غیرموثر ہوگئے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: روزے داروں کو ہر سال کی طرح اس امسال بھی رمضان کے آغاز پر گراں فروشی کے طوفان کا سامنا ہے جب کہ شہری انتظامیہ مہنگائی کی روک تھام میں ناکام رہی،یکم رمضان کوہی پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔

پھلوں کے سرکاری نرخ نامے غیرموثر ہوگئے،کراچی میں 2 روز قبل تک 30سے 40روپے کلو فروخت ہونے والے خربوزے کی قیمت 70روپے کلو تک پہنچ گئی، گرما 100روپے کلو فروخت کیا گیا،کیلے نایاب ہوگئے ، فی درجن قیمت 140روپے تک پہنچ گئی، آڑو 150 سے 200روپے کلو فروخت کیا گیا، خوبانی 320 روپے کلو، آم 120سے 150روپے کلو قیمت پر فروخت کیا گیا ، درآمدی سیب 250روپے کلو مقامی سیب150روپے کلو فروخت کیا گیا۔

کمشنر کراچی کی جاری کردہ پرائس لسٹ میں کیلے کی قیمت 80سے 110روپے درجن مقرر کی گئی تاہم شہر میں درجہ اول کیلا 140سے 160روپے درجن فروخت کیا گیا درجہ دوم کیلے کی قیمت 100روپے درجن وصول کی گئی۔

سرکاری پرائس لسٹ میں آڑو درجہ اول کی قیمت 140 اور درجہ دوم کی قیمت 110روپے مقرر کی گئی تاہم درجہ اول آڑو 200روپے اور درجہ دوم آڑو 150روپے کلو فروخت کیا گیا، گرما 70روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے 100 روپے کلو فروخت کیا گیا، تربوز واحد پھل ہے جو سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق 30روپے کلو قیمت پر فروخت کیا گیا۔

کمشنر کراچی نے پیلے خربوزے کی سرکاری قیمت 33 سے 55روپے کلو مقرر کی تھی تاہم درجہ اول خربوزہ 70سے 80اور درجہ دوم خربوزہ 50سے 60روپے کلو فروخت کیا گیا۔ چیکو کی قیمت 88روپے کلو مقرر کی گئی جو 100روپے کلو فروخت ہوا، سرولی آم درجہ اول 120کے بجائے 150روپے کلو، درجہ دوم سرولی 88کے بجائے 100روپے فروخت ہوا، لنگڑا آم 88کے بجائے 120روپے کلو، لنگڑا درجہ دوم 64کے بجائے 80روپے کلو تک فروخت کیا گیادسیری آم 120کے بجائے 160روپے کلو، سندھڑی آم 140کے بجائے 200روپے کلو قیمت پر فروخت کیا گیا۔

ادھر مارکیٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین آصف احمد کے مطابق سبزی منڈی میں یکم رمضان کو تربوز 25سے 27 روپے کلو،گرما 55سے 60 روپے کلو،کیلا 120سے 125 روپے درجن ،آم لنگڑا 65 روپے کلو،آم سرولی 80 روپے کلو،آم سندھڑی 85 روپے کلو ،آڑو اوّل 180 روپے کلو ،آڑو دوئم 120 روپے کلو ،خربوزہ کنگ 65 روپے کلو ،خربوزہ وی آئی پی 55 روپے کلو ،سفید کولو سیب 120 روپے کلو فروخت کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔