کراچی میں سمندری ہوائیں بحال، گرمی کی شدت میں کمی

ویب ڈیسک  جمعـء 18 مئ 2018
محکمہ موسمیات کی آئندہ 6 روز تک شہر میں شدید گرمی کی پیش گوئی  کی تھی فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات کی آئندہ 6 روز تک شہر میں شدید گرمی کی پیش گوئی  کی تھی فوٹو:فائل

کراچی: شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔

کراچی کے باسیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ سمندری ہوائیں  8 گھنٹے بند رہنے کے بعد دوبارہ چل پڑیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کی رفتار 12 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جس کے بعد  شہر کراچی کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے کے بعد بتدریج کم ہونے لگا۔

محکمہ موسمیات نے سمندری ہوائیں بند ہونے اور گرمی کی شدت میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا تھا، جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنر کو فون کرکے موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہاتھا کہ ہیٹ اسٹروک سینٹرپرادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

واضح رہے کہ 2015 میں رمضان المبارک کے دوران ہیٹ ویو سے 1600 سے زائد افراد دم توڑ گئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔