چیمپئنز ٹرافی؛ قومی ہاکی ٹیم کے لیے نیا منصوبہ تیار

اولمپکس کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہدف ہے، ٹیم مینجمنٹ۔ فوٹو: فائل

اولمپکس کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہدف ہے، ٹیم مینجمنٹ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا نیا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔

آئندہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ایبٹ آباد میں ملکی اور غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں فزیکل ٹریننگ کے بعد کیمپ کا دوسرا مرحلہ19مئی سے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا جس میں پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں کے علاوہ یورپ میں ہاکی لیگ میں مصروف کپتان محمد رضوان سینئر اور راشد محمود بھی شرکت کریں گے۔

اس کیمپ کے اختتام کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کا اگلا کیمپ 4 جون کو ہالینڈ میں لگے گا، اس کیمپ کے دوران ہی پاکستانی ٹیم 2 یورپی ٹیموں آسٹریا اور ہالینڈ کے خلاف 4 پریکٹس میچوں میں حصہ لے گی۔

آسٹریا کے خلاف3 اور ہالینڈ کے خلاف ایک میچ رکھا گیا ہے۔ ہالینڈ کے خلاف واحد میچ 9 جون کو ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ آسٹریا کے خلاف پہلا میچ 11جون کو رکھا گیا ہے، 13 جون کو دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گی جبکہ تیسرا میچ 14 جون کو رکھا گیا ہے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ کیمپ کے دوران ہی ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ برین لومینز قومی پلیئرز کو پنالٹی کارنر لگانے کی خصوصی ٹریننگ دیں گے، اسی کیمپ کے دوران ہالینڈ ہی کے گول کیپر ٹرینر، ملائیشیا کے فریو تھراپسٹ اور آسٹریلوی فریکل ٹرینر کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی، کیمپ کے دوران غیر ملکی کوچز پنالٹی کارنر اسپشلسٹ مبشر علی، توثیق سمیت دوسرے کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنر لگانے کے حوالے سے ٹریننگ کے ساتھ خصوصی ٹپس بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس کیمپ میں 18کے بجائے 22 کھلاڑی شریک ہوں گے، گول کیپر عمران بٹ، مظہر عباس، سمیت 3 گول کیپر اور مبشر علی، محمد توثیق، علیم بلال، محمد عرفان سمیت 5 پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ اس کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ کیمپ کے دوران ہی18رکنی ٹیم کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔

میگا ایونٹ 23 جون سے شروع ہوکر یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی۔ ادھر ٹیم منیجمنٹ کھلاڑیوں کی اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔

عہدیداروں کے مطابق ایبٹ آباد کیمپ میں سخت ٹریننگ کے بعد کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں، کراچی کیمپ کے دوران پلیئرز کی گیم میں مہارت پر کام کیا جائے گا جبکہ یورپ میں کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لے کر چیمپئنز ٹرافی کے لیے حتمی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

ٹیم منیجمنٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوگا جبکہ ایشین گیمز میں فتح سمیٹ کر اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا اصل ہدف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔