میشا شفیع کا ایک بار پھر علی ظفر پر جنسی ہراسانی کاالزام

ویب ڈیسک  جمعـء 18 مئ 2018
میشا شفیع علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے موقف پر اب بھی قائم فوٹو:فائل

میشا شفیع علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے موقف پر اب بھی قائم فوٹو:فائل

کراچی: نامور گلوکارہ واداکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر ایک بار پھر جنسی ہراسانی کاالزام عائد کردیا۔

گلوکارہ میشا شفیع علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزام پرروزاول کی طرح اب بھی قائم ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ علی ظفر نے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میشا شفیع نے اب تک خاموش رہنے کی وجہ بتادی

گزشتہ ماہ میشا شفیع کی جانب سے علی ظفرپرلگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزام کے بعد جہاں بہت سی آوازیں ان کے حق میں اٹھیں وہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایاگیا۔ حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے میشا شفیع کو علی ظفر پر الزامات لگانے کیلئے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک لمبی چوڑی ٹوئٹ کی اور لکھا’’میشا شفیع کے پورے کیریئر میں بس علی ظفرنے انہیں ہراساں کیا، باقی سب لڑکے تو باجی بہن سے دور دور سے سلام لیتے ہیں، نا نجی پیغامات بھیجتے ہیں، نظریں جھکاکر چلتے ہیں، بس علی ظفر خراب تھا، باقی سب آپ کے ساتھ کام کرنے والے آدمی دودھ کے دھلے ہیں، اگر آپ سچی ہیں تو باقی سب کانام بھی بتائیں جنہوں نے آپ کو ہراساں کیا۔‘‘

اس ٹوئٹ کا جواب میشا نے بھرپور انداز میں دیااورکہا’’جی ہاں صرف علی ظفر نے مجھے ہراساں کیا، لیکن انہوں نے میرے علاوہ کئی اور خواتین کو ہراساں کیا، میری جانب سے علی ظفر پر الزام لگائے جانے کے بعد تقریباً آدھے درجن خواتین سامنے آئیں اور ان تمام خواتین نے بھی علی ظفر پر یہی الزام عائد کیا، کیا یہ آپ کیلئے کافی ہوگا۔ اور کتنی خواتین سامنے آئیں مہربانی کرکے تعداد بتائیں۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ  میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نےانہیں ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا، میشا کے اس الزام کے بعد علی ظفر نے انہیں قانونی نوٹس بھیجا جس کے مطابق میشا ان پر لگائے گئے الزامات واپس لیں ورنہ وہ ان پر 100 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیں گے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔