بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ، 4 شہری شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 18 مئ 2018
پاکستان رینجرز پنجاب نے دشمن کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا، آئی ایس پی آر : فوٹو : فائل

پاکستان رینجرز پنجاب نے دشمن کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا، آئی ایس پی آر : فوٹو : فائل

 راولپنڈی: بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرکے ماں اور 3 بچوں کو شہید کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز نے علی الصبح شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ان کے 3 بچے شہید ہوگئے جب کہ فائرنگ میں 10 شہری زخمی بھی ہوئے۔

پاکستان رینجرز نے دشمن کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب نے دشمن کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ نشانہ بنائی جانےوالی بھارتی چیک پوسٹوں میں آگ لگ گئی۔ ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پاکستان کا بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھرپور احتجاج

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو مراسلہ بھی دیا گیا

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک مراسلہ بھی حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پکھلیاں،چپراڑ، ہرپال، چار واہ اور شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ جاری ہے، بھارتی افواج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اورشہری آبادی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں خان ور میں نور حسین کے گھر کے 4 بے گناہ افراد شہید ہو گئے جن میں نور حسین کی اہلیہ کلثوم، بیٹی مہوش، صفیہ اور بیٹا حمزہ شامل ہیں، جب کہ فائرنگ میں 10 بے گناہ شہری زخمی بھی ہوئے۔

سیز فائر کی خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کیلیے خطرہ ہیں، مراسلہ 

مراسلے میں تحریر ہے کہ بھارتی فورسز کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہیں، سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سیز فائر کی خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ بھارتی حکومت اپنی افواج کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پرامن قائم رکھنے کی ہدایت کرے۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ  رواں سال بھارتی فورسز نے سیز فائر کی ایک ہزار 50 سے زائد بار خلاف ورزیاں کیں،  بھارتی فائرنگ  سےاب تک 28 بے گناہ شہری شہید جب کہ 117 افراد زخمی ہو چکے  ہیں، بھارتی حکومت  2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور سیزفائر کی خلاف ورزی کے موجودہ اور سابقہ واقعات کی تحقیقات کرائے جب کہ اقوام متحدہ مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کام کرنے دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔