یورپی کمیشن نے ایران میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندی سے بچالیا

ویب ڈیسک  جمعـء 18 مئ 2018
یورپی کمیشن کے سربراہ نے کاروباری تحفظ بل بحال کردیا۔ فوٹو : فائل

یورپی کمیشن کے سربراہ نے کاروباری تحفظ بل بحال کردیا۔ فوٹو : فائل

برسلز: ایران میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں سے بچانے کے لیے یورپی کمیشن کے خصوصی ضابطے کو آج بحال کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی توثیق سے علیحدگی کے بعد ایران میں معاشی سرگرمیاں انجام دینے والی کمپنیوں پر سخت پابندیوں کا سامنا ہے، جس کے ردعمل میں یورپی کمیشن نے آج خصوصی قانون Blocking Statute کو فعال کردیا ہے۔ جس کے بعد کمپنیوں کو امریکی پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہو جائے گا۔

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ ایران میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کے نفاذ کے اثرات سے محفوظ رکھنے والے خصوصی ضابطے (Blocking Statute) کو 18 مئی سے دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے۔ اس خصوصی قانون کے فعال ہونے کے بعد ایران میں کاروبار کرنے والے یورپی اداروں کے لیے امریکی پابندیوں پر عمل کرنا ضروری نہیں رہے گا۔

ژاں کلود ینکر نے مزید کہا کہ ہم پُر امید ہے کہ ایران اپنے لیے اقتصادی فوائد کے حصول کی خاطر جوہری ڈیل پر بدستور عمل درآمد جاری رکھے گا۔ اس قانون کو پھر سے فعال بنانے کا بنیادی مقصد 2015 کی ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو برقرار رکھنا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔