پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی وطن واپسی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 20 مئ 2018
آئندہ عالمی کپ میں کھلاڑی اس سے بھی بہتر کارکردگی پیش کریں گے، کوچ محمد رشید۔ فوٹو : فائل

آئندہ عالمی کپ میں کھلاڑی اس سے بھی بہتر کارکردگی پیش کریں گے، کوچ محمد رشید۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد ہفتے کو ماسکو سے واپس وطن پہنچ گئی۔

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ اور چیئرمین مسلم ہینڈ لخت حسنین کے علاوہ دیگر سماجی کارکنوں، کھلاڑیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان کھلاڑیوں کو  ہمارے ملک کے صدر مملکت ممنون حسین نے رخصت کیا تھا اور ہم اس بات پر بھی اللہ تعالی کے بہت شکر گذار ہیں اور ہمیں ان کھلاڑیوں پر بھی  فخر ہے کہ یہ  بہت شاندار نتائج لائے۔

پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہاکہ جن کھلاڑیوں پر قومی خزانے سے سرمایہ خرچ کرتے ہیں اورقوم کی ان سے توقعات بھی ہوتی ہیں تو وہ بھی اتنا اچھا رزلٹ نہیں لاتے۔ انھوں نے وزیراعظم اور صدر پاکستان سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی، آخر میں انھوں نے مسلم ہینڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے  ملک بھر سے ان کھلاڑیوں کو اکھٹا کرکے عالمی کپ میں شرکت  کے لیے لیکرگئے۔

ٹیم کے کوچ محمد رشید نے کہا کہ  ہم مسلم ہینڈ کے بہت شکر گزار ہیں کہ انھوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور آئندہ عالمی کپ میں کھلاڑیوں کی اس سے بھی بہتر کارکردگی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب محمد رشید نے بتایاکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے پاس ہوتے ہیں پھر بھی ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹیم کے کپتان عبداللہ نے کہا کہ ہماری ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلی مگر بدقسمتی سے فائنل ازبکستان سے پنالٹی ککس پر ہار گئی، انھوں نے کہا کہ ہم نے 3 ماہ تک دن رات بہت پریکٹس کی اور قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ رہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ماسکو میں کھیلے گئے اسٹریٹ چائلڈ عالمی فٹبال کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ازبکستان کے ہاتھوں 5-6 سے شکست کھاکر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

عالمی کپ میں دنیا بھر سے22 ممالک کی انڈر16 کی 24 ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستان اپنے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقابل شکست رہا پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں میں محمد عبداللہ (کپتان)، اسد شوکت، اعجازمحمد، جنید احمد شاہ، ساجد علی، محمد امین، محمد رضوان نواز، شاہد فرید، محمد ابراراورحامدامجد شامل تھے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجرحیدرمجتبیٰ ، کوچ محمد رشیداوراسسٹنٹ کوچ ندیم احمد بھی تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔