پاکستان سے سیریز؛ بیئراسٹو دہرا کردار نبھانے کو تیار

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 20 مئ 2018
بلند حوصلہ پلیئر وکٹ کیپنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی ذمے داری بھی ادا کرینگے۔ فوٹو: گیٹی

بلند حوصلہ پلیئر وکٹ کیپنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی ذمے داری بھی ادا کرینگے۔ فوٹو: گیٹی

لندن: پاکستان کے خلاف سیریز میں جونی بیئر اسٹو دہرے کردار کیلیے تیار ہیں جب کہ وہ وکٹ کیپنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ نے اپنی بیٹنگ لائن میں ردوبدل کیا ہے جس کے تحت وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیئر اسٹو کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ وکٹ کے عقب میں چوکیداری کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ بھی کریں گے۔ نئے نیشنل سلیکٹر ایڈ اسمتھ اس کیلیے بیئر اسٹو کو موزوں ترین سمجھتے ہیں، انھوں نے ہی فون کر کے بیئر اسٹو کو بیٹنگ پوزیشن میں بہترین کی خبر سنائی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کہتے ہیں کہ جب مجھے بتایا گیا کہ میرے آرڈر میں ترقی ہوئی ہے تو مجھے بہت زیادہ خوشی اور خود پر فخر محسوس ہوا، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے اوپر جو لوگ موجود ہیں وہ آپ کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں، وہ مجھ سے کچھ زیادہ چاہتے ہیں کیونکہ انھیں مجھ پر اعتماد ہیں وہ کہتے ہیں کہ تم یہ کرسکتے ہو اور مجھے اسی چیز سے خوشی ہوتی ہے کیونکہ آپ کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ کپتان، کوچ اور ہیڈ سلیکٹرز سب ان کی حمایت کریں۔

بیئر اسٹو نے گزشتہ سیزن بھی پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے شروع کیا تھا مگر جنوبی افریقہ کے خلاف صرف دو ہی ٹیسٹ میچز کے بعد ان کی دوبارہ ساتویں نمبر پر تنزلی کردی گئی جبکہ ایشز سیریز کے دوران ایک موقع پر تو وہ آٹھویں نمبر پر بھی بیٹنگ کیلیے آئے تھے۔

گزشتہ 7 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی جانب سے جو 4 سنچریاں سامنے آئیں ان میں سے دو بیئر اسٹو نے بنائی تھیں اس لیے انھیں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے موزوں سمجھا گیا ہے، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ انگلینڈ اپنے بیٹنگ آرڈر میں ٹاپ 6 پوزیشنز پر قابل اعتماد بیٹسمین چاہتا ہے۔

بیئر اسٹو کہتے ہیں کہ میں دونوں ذمہ داریوں کو عمدگی سے ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا اور ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترنے کو بھرپور کوشش کروں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔