سبیکا کی امریکہ میں نماز جنازہ ادا، میت آج وطن روانہ ہوگی

خبر ایجنسیاں  پير 21 مئ 2018
17 سالہ ملزم کا عدالت میں بیان ریکارڈ،قتل کا اعتراف، عالت کا ضمانت پر رہا کرنے سے انکار۔ فوٹو: ٹوئٹر

17 سالہ ملزم کا عدالت میں بیان ریکارڈ،قتل کا اعتراف، عالت کا ضمانت پر رہا کرنے سے انکار۔ فوٹو: ٹوئٹر

ٹیکساس / ہوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والی ہونہار پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت آج پیر کو امریکا سے پاکستان کیلیے روانہ کی جائے گی جبکہ گزشتہ روز ٹیکساس کے شہر سانتافی میں شہید طالبہ کی نماز جنازہ مقامی مسجد صابرین میں ادا کی گئی۔

پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے تصدیق کی کہ ضروری کارروائی کے بعد سبیکا شیخ کی میت پیر کو پاکستان روانہ کی جائے گی۔ گزشتہ روز ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالبعلموں اور ایک استاد مارے گئے تھے جبکہ واقعے میں 10 افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سبیکا شیخ محکمہ خارجہ معاون پروگرام کے تحت ٹیکساس میں زیر تعلیم تھیں اور اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے۔

ادھر امریکی ریاست ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ کر کے 10 افراد کو مارنے والے 17 سالہ ملزم لڑکے دمیتوریوس نے عدالت میں ریکارڈ کرایا اور قتل کا اعتراف کیا ہے جبکہ عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ملزم نے وکیل کو بتایا کہ اس نے سانتافی سکول میں فائرنگ 2 ہتھیاروں سے کی کلاس میں صرف ان طلبا کو چھوڑا جو اس کو پسند تھے، ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ٹیکساس سکول کے حملہ آور نے کچھ لوگوں کو چھوڑ دیا تھا تاکہ وہ کہانی سنا سکیں۔

پولیس نے ویڈیو لنک کے ذریعے مجسٹریٹ کی عدالت میں ملزم کا بیان ریکارڈ کرایا۔ ملزم نے عدالت کے سامنے بیان دیا جس میں اس نے کہاکہ وہ سکول میں قتل عام کے بعد خودکشی کرنا چاہتا تھا، دمیتوریوس کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

دوسری جانب علاقے کے تمام سکولوں کو پیر اور منگل کو بھی بند رکھنے کا بتایا گیا ہے۔سانتا فے سکول میں فائرنگ کا یہ واقعہ امریکی حالیہ تاریخ کا اس نوعیت کا چوتھا مہلک واقعہ تھا۔اس سے قبل رواں سال فروری میں فلوریڈا کی درس گاہ میں نوجوان کی فائرنگ سے 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔