آشیانہ کرپشن کیس؛ احد چیمہ کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

محمد ہارون  پير 21 مئ 2018
احتساب عدالت نے نیب کی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کردی فوٹو:فائل

احتساب عدالت نے نیب کی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کردی فوٹو:فائل

 لاہور: آشیانہ کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی تفتیشی ٹیم نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور ٹھیکیدار شاہد شفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔

نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شاہد شفیق اور دیگر ملزمان سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے جب کہ احد چیمہ سے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق تفتیش جاری ہے، احد چیمہ کے نام کئی ایسے اثاثہ جات ہیں جو ان کی آمدن سےمطابقت نہیں رکھتے۔

نیب نے کہا کہ احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے اہم معلومات ملی ہیں اور ان کے کروڑوں کے اثاثہ جات کا انکشاف ہوا ہے، ابھی ان سے مزید تفتیش کرنی ہے، اس لئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کی جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔