فلسطینیوں کی لاشوں پر بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ

صابر ابو مریم  منگل 22 مئ 2018
آج بھی فلسطینی قوم پورے عزم اور جرات کے ساتھ القدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

آج بھی فلسطینی قوم پورے عزم اور جرات کے ساتھ القدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

فلسطین کی ستر سالہ تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو فلسطینیوں پر گزرنے والا ہر دن ہی یوم نکبہ سے کم نہیں ہے۔ یوم نکبہ فلسطینیوں کےلیے ایک ایسا دن ہے جسے فلسطین کی گزشتہ اور موجودہ نسل کسی طور فراموش کر ہی نہیں سکتی۔ یہی وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جس دن صہیونیوں کی غاصب اور جعلی ریاست جسے اسرائیل کا نام دیا گیا ہے، کا ناجائز وجود سرزمین فلسطین پر قائم ہوا تھا، اور اسی ایک دن میں ہی آٹھ لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا تھا جو بالآخر مجبوری میں فلسطین کی پڑوسی ریاستوں اردن، شام، لبنان اور مصر میں پناہ گزین ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔ آج ستر سال بیت جانے کے باوجود بھی یہ فلسطینی اور ان کی تیسری نسل انہی ممالک کے مہاجر کیمپوں میں پناہ گزینوں کی طرح زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔

یہ دن 15 مئی سنہ1948 ء کا دن تھا جسے فلسطینی تاریخ میں یوم نکبہ یعنی تاریخ کی بدترین تباہی اور ہولنکاک بربادی کا دن قرار دیتے ہیں کہ جہاں ایک طرف مجموعی طور پر ان کے وطن پر صہیونیوں کا تسلط قائم کیا گیا تو دوسری طرف ان فلسطینیوں کو ان کے اپنے ہی گھروں سے نکال باہر کیا گیا۔

یوم نکبہ فلسطین کے عوام ستر سال سے ایک بدترین دن کے عنوان سے مناتے آئے ہیں، اور ہمیشہ سے عالمی برادری کی توجہ اس طرف مبذول کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ فلسطینیوں کے حقوق ان کو دلوائے جائیں۔ اور سب سے اہم ترین فلسطینیوں کا حق واپسی ان کو دیا جائے تا کہ وہ اپنے وطن جا کر اپنے گھروں کو آباد کر سکیں کہ جن گھروں کی چابیاں آج بھی نوے سال کی فلسطینی ماؤں نے اپنے پاس سنبھال کر رکھی ہیں اور جو گذر گئے ہیں انہوں نے اپنی نسل نو کو یہ چابیاں منتقل کر دی ہیں۔

2018 میں بھی فلسطینی عوام یوم نکبہ پر سراپا احتجاج رہے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے رہے لیکن اس مرتبہ یہ دن کچھ انوکھے انداز سے ہی فلسطینیوں پر شب خون مار گیا۔ کیونکہ دنیا میں انسانی حقوق کے دفاع کا راگ الاپنے والی سپر پاور امریکا نے کھل کر یہ ثابت کر دیا کہ گذشتہ ستر برس سے فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو امریکا ہی سرپرستی کرتا آیا ہے۔ اس سال فلسطینی عوام گذشتہ سات ہفتوں سے فلسطین واپسی کے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور مسلسل غزہ اور مغربی کنارے کے مابین غاصب اسرائیل کی طرف سے جبری طور پر قائم کی گئی لائن آف کنٹرول پر جمع ہیں۔ ان سب فلسطینیوں کا نعرہ ہے کہ فلسطین کی طرف واپسی، القدس کی طرف واپسی، لیکن جواب میں پہلے تیس مارچ کو غاصب صہیونیوں نے ان مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر وحشت ناک مظالم ڈھائے جس کے نتیجے میں سات ہفتوں میں 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے تھے؛ جبکہ سات ہزار سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

لیکن 14 مئی کو امریکی سرپرستی میں صہیونیوں نے فلسطینیوں پر وحشیانہ دہشت گردی کا نمونہ اس وقت پیش کیا جب فلسطین کے عوام امریکی سامراج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے تھے کہ امریکی سفارتخانہ کی القدس شہر میں منتقلی روکی جائے، جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ لیکن جواب میں چند لمحوں میں ساٹھ سے زائد معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو وحشت کا نشانہ بنا کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔ اور دنیا کےلیے انسانی حقوق کے بڑے بڑے نعرے لگانے اور بلند وبانگ دعوے کرنے والی امریکی سامراج نے ان فلسطینی بچوں اور خواتین کی لاشوں پر اپنا سفارتخانہ القدس شہر میں کھول کر ہی دم لیا، دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ امریکی سامراج کے سامنے انسانی جانوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے۔

دراصل امریکا نے بیت المقدس شہر میں امریکی سفارتخانہ کھول کر نہ صرف غاصب صہیونی جعلی ریاست کی سرپرستی کا ثبوت دیا ہے، بلکہ پورے عالم اسلام میں موجود حریت پسندوں کوبھی جھنجھوڑ دیا ہے۔ کیونکہ امریکا کی جانب سے القدس میں سفارتخانہ کی منتقلی کے پس پردہ امریکی ناپاک عزائم آشکار ہیں کہ جس کے تحت وہ فلسطین کے اس تاریخی شہر یروشلم (القدس) کی شناخت بلکہ اسلامی و عربی و جغرافیائی شناخت کو تبدیل کر کے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے حق میں کرنا چاہتا ہے۔

القدس میں امریکی سفارت خانہ فلسطینی قوم کی امنگوں کا خون کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی، فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت پر ڈاکہ اور فلسطینی قوم کی لاشوں پر قائم کیا گیا۔

امریکا نے جہاں ایک طرف فلسطینیوں کے حقوق کی کھلم کھلا پامالی کی، وہاں بین الاقوامی قوانین کو بھی روند ڈالا ہے اور اس کے ساتھ ہی اگر بین الاقوامی اداروں اور بالخصوص اقوام متحدہ کی قرارداد کی بات کی جائے تو امریکا نے غاصب اور جعلی ریاست اسرائیل کے حق میں اس قرارداد کو بھی ردی کی ٹوکری کا حصہ بنا دیا ہے جو گذشتہ برس جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں 193 ملکوں میں سے 128 نے القدس سے متعلق امریکی فیصلہ کو مسترد کیا تھا اور مخالفت کی تھی۔ مخالفت کرنے والوں میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسے امریکا کے حلیف ممالک بھی شامل ہیں۔ تاہم عالمی دباؤ اور مخالفت کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی قوانین کو دیوار پر مارا اور 14 مئی کو امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کر کے تاریخ کا ایک نیا سیاہ باب رقم کیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس دو حصوں پر مشتمل ہے۔ اس کے مغربی حصے پر اسرائیل نے سنہ 1948ء کی جنگ کے بعد غاصبانہ تسلط جمایا جب کہ 1967ء کی جنگ میں مشرقی بیت المقدس پر قبضہ کر لیا گیا۔ سنہ 1980ء میں اسرائیل نے متحدہ القدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا، تاہم آج تک امریکا سمیت عالمی برادری اسرائیل کے اس دعوے کی مخالفت کرتی آئی ہے۔ فلسطینی قوم نے القدس کی آزادی کےلیے ہرسطح پر مزاحمت کی۔ القدس فلسطین میں اٹھنے والی انقلابی تحریکوں اور انتفاضہ کا عنوان بنتا رہا۔

گذشتہ برس 6 دسمبر کو جب امریکی صہیونیت نواز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے القدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کیا تو فلسطینی قوم نے ایک نئی تحریک انتفاضہ شروع کی۔ اب تک اس تحریک کے دوران 140 فلسطینی شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔ ہزاروں زخمی اور گرفتار کیے گئے۔

گذشتہ برس امریکی صدر کے القدس سے متعلق فیصلہ کے سامنے آنے کے بعد مسلم امہ بالخصوص او آئی سی نے بھی کوئی خاطر خواہ اقدام نہ اٹھایا جس کے باعث نوبت یہاں تک آئی ہے کہ بالآخر فلسطینیوں کی لاشوں پر امریکا نے اپنا سفارتخانہ منتقل کر کے مقبوضہ فلسطین میں اپنی سفاکیت کا جشن منایا ہے۔

تاریخ پر نظر ڈالیں تو پتا چلتا ہے کہ القدس شہر کو دو بار صفحہ ہستی سے مٹایا گیا۔ 23 بار اس کا محاصرہ کیا گیا، 52 بار جنگوں کا میدان بنا، 44 بار اس پر قبضہ کیا اور آزاد کرایا گیا، ہر بار اس پر قبضہ کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی اور آخری فتح اس کے اصل باشندوں یعنی فلسطینی قوم کو ملی۔

آج بھی فلسطینی قوم پورے عزم اور جرات کے ساتھ القدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظلوم فلسطینی شہداء کی لاشوں پر اپنا سفارت خانہ قائم کیا ہے، جلد یا بہ دیر صہیونیوں اور امریکیوں کو القدس سے اپنا بور4یا بستر گول کرنا ہو گا۔ یقیناً امریکا کےلیے القدس میں سفارتخانہ منتقلی کا عمل نقصان دہ ثابت ہو گا۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔