نوازشریف عوام کی خدمت کے لیے دوبارہ آئیں گے، مریم نواز

ویب ڈیسک  پير 21 مئ 2018
(ن) لیگ کے کاموں کی گواہی عوام دے رہے ہیں ,مریم نواز ، فوٹو: فائل

(ن) لیگ کے کاموں کی گواہی عوام دے رہے ہیں ,مریم نواز ، فوٹو: فائل

چشتیاں: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ پانچ سال بعد یوم حساب الیکشن آرہا ہے اور نوازشریف عوام کی خدمت کے لیے دوبارہ آئیں گے۔

چشتیاں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے مخالفین کے پاس تنقید کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے، این اے 120 میں دھاندلی کے باوجود لوگوں نے ٹھوک کر (ن) لیگ کوووٹ دیا، آزاد کشمیرمیں بھی “مودی کا جو یار ہے غدارہے” کا نعرہ لگایا تھا لیکن اس کے باوجود نوازشریف کو ووٹ دیئے گئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ پھرنہیں مل سکتا، شہبازشریف اور (ن) لیگ نے پنجاب اور جنوبی پنجاب کی بھرپورخدمت کی، کئی سال بعد یہ پہلا رمضان ہے جس میں لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا، نوازشریف نے بجلی کا مسئلہ، دہشت گردی کے خاتمے اور معیشت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا جو پورا کیا لیکن مخالف ابھی تک کہہ رہے ہیں کہ ہم یہ کریں گے اور وہ ابھی تک لوگوں کو100 دن کے پلان دے رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو نکالنے کے بعد ملکی معیشت کو بریک لگ گئی ہے تاہم نوازشریف عوام کی خدمت کے لیے دوبارہ آئیں گے، دو ماہ بعد میاں صاحب دوبارہ واپس آئیں گے اور دوبارہ رنگ سجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  (ن) لیگ کے کاموں کی گواہی عوام دے رہے ہیں جب کہ پارٹی بدلنے والوں کو عبرت کا نشان بنانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔