پاکستان کو زیتون پیدا کرنے والے 10 ممالک میں شامل کرنے کے منصوبہ کا آغاز

آصف محمود  پير 21 مئ 2018
چکوال میں اب تک 9 لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں

چکوال میں اب تک 9 لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں

 لاہور: پاکستان کو زیتون پیدا کرنے والے 10 ممالک میں شامل کرنے کے لئے چکوال کے علاقہ میں 20 لاکھ زیتون کے پودے لگانے کا منصوبہ شروع کردیا گیا۔

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر تقریباً 270 ارب روپے کا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرتا ہے، پاکستان میں  زیتون کی پیداوار بڑھانے کیلئے 2015 میں چکوال کو وادی زیتون میں تبدیل کر نے کا فیصلہ کیا گیا، پروگرام کے مطابق 20 لاکھ زیتون کے پودے 5 سالوں میں مفت تقسیم کئے جارہے ہیں، زیتون کے پودے لگانے کے منصوبے کی کل لاگت 2 ارب 79 کروڑ روپے ہے، ان میں سے اب تک 9 لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں۔

حکومت زیتون کی آبپاشی، کاشتکاری اور وسائل کی تیاری کے لئے 70 فیصد جب کہ ڈرپ اریگیشن سسٹم کی تنصیب کے لئے 60 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے، محکمہ زراعت نے زیتون کے پھل کی خریداری کی تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی ہیں تاکہ کاشتکار اپنا پھل فوری بیچ سکیں جب کہ بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال میں زیتون کے پھل سے تیل نکالنے والے فیکٹری نے بھی کام شروع کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔