جارحانہ کھیل سے انگلینڈ کو قابو کرنے کا پاکستانی منصوبہ

اسپورٹس ڈیسک  منگل 22 مئ 2018
سینئر پلیئر ہونے کے ناطے اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہوں، میزبان ٹیم کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہوں، اظہرعلی۔ فوٹو : فائل

سینئر پلیئر ہونے کے ناطے اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہوں، میزبان ٹیم کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہوں، اظہرعلی۔ فوٹو : فائل

لیسٹر: پاکستان نے جارحانہ کھیل سے انگلینڈ کو قابو کرنے کا منصوبہ بنالیا جب کہ سینئر بیٹسمین اظہر علی کہتے ہیں کہ تمام 20 وکٹیں حاصل کرنے کی خاطر ہم 5 بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

لیسٹر شائر کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ میں 73 رنز بنانے سے اظہر علی کا اعتماد قدرے بحال ہوگیا ہے، اس سے قبل ان کی پرفارمنس اس ٹور میں انتہائی مایوس کن رہی تھی جہاں انھوں نے ابتدائی دونوں وارم اپ میچز میں بالترتیب 15، 9 اور 10 رنز بنائے جبکہ آئرلینڈ سے واحد ٹیسٹ میں ان کا اسکور 4 اور 2 رہا تھا۔ اگرچہ لیسٹر شائر میں ان کے ساتھ اوپننگ کرنے والے فخر زمان نے بھی 71 رنز اسکور کیے تاہم تجربے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اظہر علی کو ہی میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔

اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہم نے یہاں انگلینڈ میں اچھی خاصی تیاری کی ہے، چند پریکٹس میچز کے علاوہ آئرلینڈ سے ایک ٹیسٹ میچ بھی کھیلا ہے، یہ ہمارے لیے اچھا گیم ثابت ہوا، ہمیں امید ہے کہ ان تیاریوں کو انگلینڈ کے خلاف بڑے میچز میں بروئے کار لائیں گے۔

سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داری کے بارے میں اظہر علی کا کہنا ہے کہ واقعی یہ ذمہ داری ہے لیکن چونکہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اس لیے ہر کسی کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ میں اپنا حصہ ڈالوں، ٹیم کو ایک اچھی بنیاد فراہم کروں اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہم اسکور بورڈ پر خاطر خواہ رنز سجائیں جس سے ہمارے بولرز کو مدد مل سکے۔

اوپنر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، جب بھی آپ یہاں آتے ہیں آپ کیلیے کنڈیشنز چیلنجنگ ہی ہوتی ہے، انگلش بولنگ اٹیک بھی کافی اچھا ہے، ہم ان کا احترام کرتے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ایک بڑا چیلنج ہمارے سامنے موجود ہے لیکن ہم نے بھی اپنی پوری تیاری کرلی ہے، یہ ہر ایک کیلیے بڑا موقع ہے، خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کیلیے کہ وہ جتنا اچھا کھیلیں گے آگے ان کیلیے سفر آسان ہوجائے گا۔

اظہرعلی نے تصدیق کی کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان پانچ رکنی اٹیک کے ساتھ میدان سنبھالے گا، ان کا کہنا تھاکہ ہم جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتے اور تمام 20 وکٹیں اڑانے کے خواہاں ہیں، اسی وجہ سے ہم پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے، امید ہے کہ یہ ٹیم ہمارے لیے اچھا پرفارم کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔