لارڈز ٹیسٹ؛ پاکستانی ٹیم نے لندن میں ڈیرے ڈال دیے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 22 مئ 2018
قومی کرکٹرز آج تاریخی گراؤنڈ میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے پریکٹس کریں گے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

قومی کرکٹرز آج تاریخی گراؤنڈ میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے پریکٹس کریں گے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

لندن: لارڈز ٹیسٹ میں فتح کا عزم لیے پاکستان ٹیم نے لندن میں ڈیرے ڈال دیے، مہمان کرکٹرز آج صلاحیتیں نکھارنے کیلیے تاریخی میدان میں پریکٹس سیشن کریں گے۔

لیسٹر شائر کیخلاف 2روزہ وارم اپ میچ کے بعد پاکستان ٹیم لندن پہنچ گئی، انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو لارڈز میں شروع ہوگا،مہمان کرکٹرز ایک دن آرام کیا، آج مقامی وقت کے مطابق صبح 30:9سے30 : 12تک پریکٹس سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے محنت کریں گے۔

لارڈز کے تاریخی میدان میں ٹریننگ کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہے گا، اس دوران پاکستان ٹیم کو محمد عامر سمیت پلیئرز کی فٹنس اور فارم جانچ کر حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ بھی کرنا ہے، راحت علی کی ناقص فارم نے قومی ٹیم منیجمنٹ کی تشویش بڑھا دی ہے، فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں محمد عامر لیسٹر شائر کیخلاف وارم اپ میچ نہیں کھیلے تھے۔

پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے راحت علی ابھی تک ٹور میں اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار نہ کر سکے، پیسر آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور لیسٹر شائر کے خلاف وارم اپ میچ سمیت 3 اننگز میں 140 رنز کی پٹائی برداشت کی اورکوئی وکٹ بھی ہاتھ نہ آئی۔

واضح رہے کہ محمد عباس ڈبلن ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹیں لے اڑے تھے، ٹور میچ میں حسن علی بھی ڈیوک بال کا بہتر استعمال نہیں کرسکے، انگلش کنڈیشنز میں محمد عباس کے موزوں پارٹنرز کا فیصلہ اہم ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔