مکان ہتھیانے کیلیے بھانجے کو قتل کرنے والا ماموں گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 مئ 2018
مکان مقتول عمرکی والدہ کے نام ہے، انور نے 15 مئی کو عمرکوتیزدھارآلے سے قتل کر دیا۔ فوٹو: فائل

مکان مقتول عمرکی والدہ کے نام ہے، انور نے 15 مئی کو عمرکوتیزدھارآلے سے قتل کر دیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: شارع فیصل انویسٹی گیشن پولیس نے گلستان جوہر میں بھانجے کو قتل کرنے والے سفاک ماموں گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

ایس آئی او گلستان جوہر انسپکٹر سالم رند نے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث ملزم انور کو گرفتار کرلیا،اس حوالے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ون ایسٹ زون عمر طفیل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم انور نے رواں ماہ 15 مئی کی صبح اپنے بھانجے 20 سالہ محمد عمر کو صبح اپنے گھر مکان نمبر N-255 بلاک 12 گلستان جوہر میں صبح نو بجے کے قریب اس وقت تیز دھار آلے کے وار سے گلے پر وار کرکے قتل کردیا تھا، جب وہ اپنی بہن کو اسکول چھوڑکرواپس گھر آیا تھا۔

شارع فیصل پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 250/18 بجرم دفعہ 302/34 کے تحت درج کیا تھا جس کے بعد انویسٹی گیشن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تو اس دوران انکشاف ہوا کہ مقتول محمد عمر کے ماموں انور نے جائیداد میں سے اپنا حصہ مانگا تھا، حصہ نہ ملنے پر اس نے اپنے بھانجے کو قتل کردیا،مذکورہ گھر مقتول کی والدہ کے نام پر ہے،ملزم واقعے کے بعد سے غائب تھا، پولیس نے سخت جدوجہد اورکوششوں کے بعد ملزم انور کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرکے اس کی نشاندہی پر آلہ قتل تیز دھار آلہ بھی برآمد کرلیا۔

انچارج انویسٹی گیشن پولیس شارع فیصل انسپکٹر سالم رند نے بتایا کہ ملزم نے واردات کے بعد اپنا موبائل فون بند کر دیا تھا اور بعدازاں نیا موبائل فون نمبر حاصل کیا تھا جس کی مدد سے پولیس نے ملزم کا سراغ لگایا ، انھوں نے بتایا کہ جس گھر کے تنازع پر محمد عمر کا قتل ہوا وہ اس کی والدہ کے نام پر ہے اور ملزم یہ سمجھتا تھا کہ والدہ کے بعد اس گھر کا وارث محمد عمر ہو جائے گا جس پر اس نے اسے راستے سے ہٹا دیا ، مقتول اور ملزم ایک ہی مکان میں اوپر نیچے رہائش پذیر ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول محمد عمر کے والد کا 15 سال قبل انتقال ہوگیا تھا ، پولیس ملزم سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔