جینا ہاسپل نے سی آئی اے کی پہلی خاتون سربراہ کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا

ویب ڈیسک  منگل 22 مئ 2018
جینا ہاسپل اس سے قبل نائب ڈائریکٹر سی آئی اے کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ فوٹو : فائل

جینا ہاسپل اس سے قبل نائب ڈائریکٹر سی آئی اے کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: جینا ہاسپل نے امریکا کے خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ کی پہلی خاتون سربراہ کی حیثیت سے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے خفیہ ادارے سینٹرل انویسٹی گیشن اتھارٹی کے صدر دفتر میں ہونے والی ایک پُر وقار تقریب میں 61 سالہ جینا ہاسپل نے اپنے منصب کا حلف اُٹھالیا۔ موجودہ وزیر خارجہ اور سابق ڈائریکٹر سی آئی اے مائیک پومپیو نے پہلی خاتون ڈائریکٹر سے حلف لیا۔ تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

’سی آئی اے‘ ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے والی جینا ہاسپل نے اپنی تقرری پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرنے کا عہد کیا۔ جینا ہاسپل اس سے قبل اسی ادارے میں نائب سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں اور انہوں نے مائیک پومپیو کی جگہ بطور ’سی آئی اے‘ ڈائریکٹر منصب سنبھالا ہے جب کہ مائیک پومپیو اس وقت وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جینا ایک مضبوط اعصاب رکھنے والی خاتون ہیں اور جب امریکا کے دفاع کی بات آئے گی تو ہاسپل کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گی اور ملک کی سلامتی اور حفاظت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی جیسا کہ انہوں نے بطور نائب ڈائریکٹر سی آئی اے اپنی خدمات پیش کیں۔

واضح رہے کہ پہلی خاتون ڈائریکٹر سی آئی اے جینا ہاسپل کی تقرری 18 مئی کو کی گئی تھی جس کے لیے 100 رکنی سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں جینا ہاسپل کے حق میں 54 ووٹ جب کہ ان کے خلاف 45 ووٹ پڑے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔