شعبدہ باز کے 100 دن کے پروگرام پر بہت ہنسی آئی، احسن اقبال

ویب ڈیسک  منگل 22 مئ 2018

آج پاکستان کے دوبڑے مسائل میں توانائی اوردہشتگردی شامل نہیں، وزیر داخلہ : فوٹو: فائل

آج پاکستان کے دوبڑے مسائل میں توانائی اوردہشتگردی شامل نہیں، وزیر داخلہ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 2013 میں بھی خیبر پختونخوا کے لیے 90 دن کا ایجنڈا دیا تھا اور پی ٹی آئی کی 5 سال کی کارکردگی صفر ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا اور مشیران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آپ عمران خان سے جتنی مرضی تقریریں کرالیں لیکن عمل زیرو ہوتا ہے، عمران خان نے 2013 میں بھی خیبر پختونخوا کے لیے 90 دن کا ایجنڈا دیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی 5 سال کی کارکردگی صفرہے، عمران خان اس نیٹو کمانڈر کی طرح ہے جو ’نوایکشن ٹاک اونلی‘ یعنی ’’عمل نہیں صرف باتیں‘‘ کرتا ہے، شعبدہ باز نے 100 دن کا پروگرام پیش کیا، ہم نے جب ان کا 100 دن کا پروگرام دیکھا توہنسی آئی کیونکہ نقل کیلیے بھی عقل چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 5 سال کی اوسط ترقی کی شرح 5 فیصد رہی، ہماری معیشت نے 13 سال کے دوران سب سے تیز ترین ترقی کی، (ن) لیگ نے منشور پرعمل کرکے ثابت کیا کہ وہ کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے، ہم نے پاکستان کے مسائل کوحل کیا ہے، سی پیک پاکستان کے لیے گیم چینجر ہے، 3 سال میں خواب کو حقیقت بنایا، (ن) لیگ نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، کراچی جیسا شہر امید کھو بیٹھا تھا، سرمایہ کار باہربھاگ رہے تھے جب کہ آج کراچی میں امن واپس آچکا ہے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان کے دوبڑے مسائل میں توانائی اوردہشت گردی شامل نہیں، ہماری حکومت نے سسٹم میں 10 ہزارمیگاواٹ بجلی شامل کی، آج پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے، ہم نے دہشت گردی کی لہرکی کمرتوڑدی ہے، ن لیگ کوپنجاب، پی ٹی آئی کوخیبرپختونخوا اورپیپلزپارٹی کوسندھ میں حکومت ملی اب عوام کے پاس 3 جماعتیں ہیں، کس نے کتنا کام کیا اس کاتجزیہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔