گلشن اقبال ؛ بینک سے 53 لاکھ لوٹنے والے 3 ڈاکو گرفتار، صرف 3 لاکھ برآمد

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
 3 مئی کوڈاکوؤں نے گلشن اقبال بلاک 6 میں بینک لوٹ تھا،   فوٹو :اسکرین گریب

3 مئی کوڈاکوؤں نے گلشن اقبال بلاک 6 میں بینک لوٹ تھا، فوٹو :اسکرین گریب

 کراچی: گلشن اقبال میں 20 روز قبل ہونے والی بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتارکرلیا گیا، 3 ڈاکو فرار ہوگئے،گرفتار ڈاکوکے قبضے سے3لاکھ سے زائد نقدی اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

گرفتارڈاکو نے گزشتہ4 ماہ کے دوران 5 بینک ڈکیتی کی وارداتیں کی ہیں، ڈاکوؤں کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے عمل میں آئی۔ ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون عمر طفیل نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3 مئی کو گلشن اقبال بلاک 6 میں یو نائیٹڈ بینک لمیٹڈمیں کی جانے والی ڈکیتی کی واردات میں 6ڈاکوملوث تھے جن میں سے پولیس نے گروہ کے سرغنہ اظہار مقصود عرف حاجی ولد محمد اکرام اور اس کے2ڈکیت ساتھیوں ایاز ولد امت نبی اور نور اسلم ولد اسلم خان کو گرفتارکرلیا دیگر 3ڈاکو صوبے سے فرار ہوچکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جارہی ہے، ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتارملزمان نے انکشاف کیا کہ 3مئی کو ملزم اظہر مقصود نے اپنے ساتھیوں لال بادشاہ،محبوب،جاوید ،ضیا اللہ ،نور خان کے ہمراہ گلشن اقبال بلاک6 میں بینک ڈکیتی کی واردات میں 53 لاکھ سے زائد رقم اور سیکیورٹی گارڈ سے ان کا اسلحہ چھین کر سوزوکی پک اپ اور سفید کرولا گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوگئے تھے ۔

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مسان روڈ کیماڑی میں چھاپہ مارکرواردات میں لوٹی گئی رقم 3لاکھ 36 ہزار،سیکیورٹی گارڈ کا چھینا ہوا رپیٹر، 30 بورپستول برآمدکرلیا گیا ،گرفتارڈاکو سے3 ٹی ٹی پستول ،2 موٹرسائیکلیں جن میں سے ایک شاہراہ فیصل تھانے سے چوری شدہ ہے،ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ گرفتارڈاکوؤں کے گروہ کاتعلق کے پی کے کوہاٹ لاچی گاؤں سے ہے اور گروہ میں شامل ملزمان کی تعداد کم ازکم 15 ہے،گرفتارگروہ کے سرغنہ اظہر مقصود نے اپنے گاؤں لاچی میں سی سی ٹی وی فوٹیج شناخت کرنے والے میردت کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزمان نے سال 2005 میں چکوال ، سال 2010 میں اش نگر برانچ پشاورمیں 44 لاکھ روپے لوٹے تھے،ملزمان نے سال 2011 میں اسلام آباد میں ڈکیتی کی واردات کی ، سال 2011 میں ڈبگری برانچ پشاور میں 17 لاکھ کی بینک ڈکیتی، سال 2011 میں ڈی آئی خان میں نیشنل سیونگ سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کی سال 2013 میں یونیورسٹی روڈ برانچ پشاور میں62 لاکھ روپے کی ڈکیتی ، سال 2014 میں کینٹ ایبٹ آباد میں ڈکیتی کی واردات کی ، سال 2017 میں گلشن اقبال بلاک 2 میں بینک ڈکیتی کی واردات کے دوران 27 لاکھ روپے کی واردات کی تھی ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں 10 مقدمات درج ہیں جن میں ملزمان پولیس کو مطلوب تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔