لیاقت نیشنل اسپتال میں نائٹ کلینک شروع کرنے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
دن میں تمام اوپی ڈی حسب معمول کھلی رہیں گی، تراویح کے بعد رات 11سے ایک بجے تک اوپی ڈی ہوگی، ترجمان انجم رضوی  فوٹو: فائل

دن میں تمام اوپی ڈی حسب معمول کھلی رہیں گی، تراویح کے بعد رات 11سے ایک بجے تک اوپی ڈی ہوگی، ترجمان انجم رضوی فوٹو: فائل

 کراچی:  لیاقت نیشنل اسپتال  انتظامیہ نے رمضان میں دن کے اوقات کار میں کمی اور شدید گرمی کے دوران مریضوں کی تکالیف کے پیش نظر رات گئے تک اوپی ڈی میں مریضوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کرنا شروع کردیں  ہیں اسپتال میں دن میں او پی ڈی کے اوقات کار حسب معمول  رہیں گے۔

رمضان المبارک میں دن کے اوقات کار محدود ہونے کی وجہ سے مریضوں کی اکثریت علاج سے محروم رہ جاتی تھی اس صورتحال کے پیش نظر اسپتال انتظامیہ نے اسپتال میں پہلی بار نائٹ اوپی ڈی کلینکس شروع کردی ہے، اسپتال  کے ترجمان انجم رضوی کے مطابق نائٹ اوپی ڈی کلینکس کے ساتھ ساتھ دن میں تمام اوپی ڈی حسب معمول کھلی رہیںگی انھوں نے بتایا کہ مریضوں کو رات کے اوقات میں ایمرجنسی ہونے یا کسی بھی مرض کے متعلق معلومات کے لیے نائٹ اوپی ڈی شروع کی گئی ہے ۔

عام طور پر دیگر اسپتالوں میں رمضان المبارک  میں اوقات کار افطار سے پہلے کے ہوتے ہیں لیکن اگر کسی مریض کورات گئے معائنے کی ضرورت پیش آئے تو ایسے مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر اسپتال کے شعبہ حادثات لانا پڑتا ہے اس صورتحال کے پیش مریضوں کو مزید علاج کی سہولتیں دینے کے لیے اسپتال انتظامیہ نے پہلی بار نائٹ  او پی ڈی شروع کردی ہے جو رات ایک بجے تک جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔