نعیم الحق نے دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 مئ 2018
دانیال عزیز نے نعیم الحق کو چور کہا جس پر نعیم الحق اشتعال میں آگئے (فوٹو: فائل)

دانیال عزیز نے نعیم الحق کو چور کہا جس پر نعیم الحق اشتعال میں آگئے (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کردیا۔

نجی چینل کے ایک پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت برائے نجکاری دانیال عزیز سمیت دیگر شریک تھے کہ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی۔

یہ تنازع اُس وقت شدت اختیار کرگیا جب دوران پروگرام دانیال عزیز نے نعیم الحق کو چور کہا جس پر نعیم الحق اشتعال میں آگئے اور دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کردیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان زبانی جنگ چلتی رہی۔

اس پروگرام میں میزبان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ اور سینئر تجزیہ کار افتخار احمد بھی موجود تھے جبکہ  پروگرام کے  دوران شو کے میزبان دونوں رہنماؤں کو جھگڑے سے روکتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔