ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا یکم جون سے ہو گا،ذرائع

اے پی پی  بدھ 23 مئ 2018
ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا یکم جون سے ہو گا،ذرائع
 (فوٹو: فائل)

ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا یکم جون سے ہو گا،ذرائع (فوٹو: فائل)

 راولپنڈی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایس ایم ایس شارٹ کوڈ 8877 کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جویکم جون سے 14جون تک جاری رہے گا۔

بینک ذرائع نے بتایاکہ عید الفطر کے موقع شہریوں کو نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا بذریعہ ایس ایم ایس کیا جا رہاہے جس کے لیے شہری 8877 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایک خالی جگہ اور اپنی منتخب برانچ کا کوڈ نمبر میسج کریں جس کے جواب میں شہری کو ٹرانزیکشن نمبر اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا،شہری موصول ہونے والے ٹرانزیکشن نمبر کو متعلقہ بینک برانچ میں اپنے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پیش کرکے مطلوبہ نئے کرنسی نوٹس حاصل کر سکیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ اس نظام کے تحت ہر صارف کو 10 روپے کے 3 پیکٹ جبکہ 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹ کا ایک ایک پیکٹ اسٹاک کی دستیابی کے مطابق فراہم کیا جائے گا، ایس بی پی بینکنگ سروسز کے مطابق یہ سروس 132 شہروں کی 1535 کمرشل بینک برانچوں سے دستیاب ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ مطلوبہ برانچ کا کوڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بینک ایسوسی ایشن اور متعلقہ بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے، ایس ایم ایس چارجز موبائل کمپنی کے قوائد کے مطابق لاگو ہوں گے جو 1.5 روپے پلس ٹیکس ہیں جبکہ صارفین کو ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک مرتبہ ہی نوٹ جاری کیے جائیں گے، زیادہ ایس ایم ایس کرنے پر مزید ٹرانزیکشن نہیں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔