دورۂ انگلینڈ: سینئرز کو توقعات کا بوجھ اٹھاناہوگا، فواد

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
قومی ٹیم میں عدم شمولیت پر کسی کو الزام دینا نہیں چاہتا، کرکٹر
فوٹو: فائل

قومی ٹیم میں عدم شمولیت پر کسی کو الزام دینا نہیں چاہتا، کرکٹر فوٹو: فائل

 لاہور: فواد عالم کا کہنا ہے کہ دورۂ انگلینڈ میں سینئرز کو توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا میزبان پیسرز کو دباؤ میں لاکر ہی بیٹنگ کا اعتماد بڑھایا جاسکتا ہے۔

قومی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر کسی کو الزام نہیں دینا چاہتا۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں فواد عالم نے کہا ہے کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے پاکستان ٹیم میں جگہ نہ بناپانے پر کسی کو الزام نہیں دینا چاہتا، ہمیشہ مثبت سوچ رکھتا ہوں، سلیکشن کے معاملات میرے اختیار میں نہیں، کوشش کرتے رہنا میری عادت ہے، محنت جاری رکھتے ہوئے اپنی فٹنس اور فارم برقرار رکھوں گا، انگلش کنڈیشز میں کھیل کر بھرپور تجربہ حاصل کر رہا ہوں۔

پاکستان میں کرکٹ مصروفیات نہیں تھیں،انگلینڈ میں اس وقت کا بہترین مصروف مل گیا۔ سابق کرکٹرز کی جانب سے تکنیک مناسب نہ ہونے کے بیانات پر انھوں نے کہا کہ سینئر پلیئرز مجھ سے زیادہ جانتے ہیں اور ان کا کام اپنی رائے دینا ہے، میرا کام کرکٹ کھیلنا اور پرفارم کرنا ہے، مختلف ملکوں کی  کنڈیشنز میں کھیل اور پرفارم کر چکا ہوں، جب بھی قومی ٹیم میں موقع دیا گیا بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔پاکستان ٹیم کے دورئہ انگلینڈ میں کامیابی کے امکانات پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کو کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل ہیں، سینئرز توقعات کا بوجھ اٹھائیں گے تو نوجوانوں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملے گا۔

آئرلینڈ کیخلاف فتح سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،انگلینڈ کو بھی زیر کرسکتے ہیں،انگلش کنڈیشنز میں کارکردگی دکھانا ہمیشہ ہی ایک چیلنج ہوتا ہے، امید ہے کہ پاکستان ٹیم میزبان بولرز کا بہتر انداز میں سامنا کرسکے گی،جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ تجربہ کار ہیں، بہترین حکمت عملی یہی ہے کہ انھیں اپنی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کے زیادہ مواقع نہ دیے جائیں، رنز بنیں گے تو خود ہی دفاع پر مجبور ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔