ایشین گیمز فٹبال : کیمپ کیلیے 60 کھلاڑیوں کا انتخاب

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
منتخب فٹبالرز کا تربیتی کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہوگا، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کوچ کے بعد برازیلین ٹرینر کی خدمات بھی حاصل کر لیں
فوٹو: فائل

منتخب فٹبالرز کا تربیتی کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہوگا، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کوچ کے بعد برازیلین ٹرینر کی خدمات بھی حاصل کر لیں فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ کی تیاریوں کے لیے برازیلین کوچ کے بعد برازیلین ٹرینر کی خدمات بھی حاصل کر لیں دونوں ایونٹس کی تیاری کے لیے کھلاڑیوں کا کیمپ جمعہ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہو گا اور برازیلین ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کیمپ کے دوران 60کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، کراچی میں چیلنج کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن حکام کی اگلی نظریں ایشین گیمز ہیں، ایشیائی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لیے غیر ملکی کوچ کے بعد برازیلین ٹرینر کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔اس سے قبل پاکستان فٹبال فیڈریشن نے برازیلین کوچ جوز انتونیو ناگورا کی خدمات حاصل کی تھیں۔پاکستان فٹبال فیڈریشن نے برازیلین کوچ سے 3 سال کا معاہدہ کر رکھا ہے اور یہ وہی کوچ ہیں جو برازیل ٹیم کی بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  برازیل سے تعلق رکھنے والے قومی چیف کوچ جوز انٹونیو نوگیورا نے کراچی میں شیڈول چیلنج کپ کے میچز میںکھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر 60 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے جنہیں 25 مئی سے لاہور میں لگنے والے کیمپ کے دوران مدعو کیا  جائے گا۔ ذرائع کے مطابق منتخب کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان ایئر فورس، واپڈا، سوئی سدرن گیس،  پاکستان پیٹرولیم، آرمی، سٹیٹ لائف،  پاکستان سول ایوی ایشن،  نیشنل بینک،  خان ریسرچ لیبارٹری، کے الیکٹرک، پاکستان ریلویز، نیوی اور  سوئی ناردرن گیس سے ہے۔کیمپ کا حصہ بننے والے پلیئرز میں غضنفریاسین، مہدی حسن، محمد سہیل، صفیان آصف، محمد سہیل خان، منصور خان، فیصل (پاکستان ایئرفورس)، مزمل حسین، عبدالباسط، سعادت حسین، عمر حیات، محسن علی، محمد بلال،  علی عزیر،  عدیل علی، احمد فہیم،  شہرام بابر، محمد احمد (واپڈا)،  احسان اللہ، ثاقب حنیف، تنویر ممتاز، محمود خان،  صدام حسین، سعداللہ،رازق،حبیب الرحمن،وقار بلوچ، امجد حسین(سوئی سدرن گیس)،

استقلال (پاکستان پٹرولیم)، شہباز یونس (آرمی )، مبشر (اسٹیٹ لائف)، علی خان، وسیم، زین، زید عمر، نعمان (پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی)، عثمان خان، فیصل اقبال، ثناء اللہ، مقبول، منیر جونیئر، شیر علی (نیشنل بینک)، ارسلان علی، محمد شاہد، عمیر علی، رجب علی، عبدالقدیر خان، یوسف، محمد عادل، دانش حمید (خان ریسرچ لیبارٹری)، ریاض احمد، محمد رسول، مرتضیٰ حسین، وسیم شہزاد (کے الیکٹرک)، محمد عثمان محکم، شاہ زیب مسعود (پی آئی اے)، نوید احمد (نیوی) اور باسط امین (سوئی ناردرن گیس) شامل ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن 3 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک شیڈول ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ ایشین ایونٹ میں فٹبال سمیت 40 گیمز کے ہزاروں کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔قومی ٹیم کی اگلی صلاحیتوں کا امتحان ساف فٹبال چیمپئن شپ ہے جو بنگلہ دیش میں 4 تا 15ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

اس ایونٹ میں بنگلہ دیش سمیت بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ادھر پاکستان فٹبال فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ 3 سال کی قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیوں کی معطلی سے فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، عالمی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے نہ صرف پاکستانی ٹیم کی رینکنگ بری طرح متاثر ہوئی بلکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی زنگ لگ گیا، نئے عزم اور ولولے کے ساتھ کھیل کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، ایشین گیمز اور ساف چیمئپن شپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کو بھر پوروسائل مہیا کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔