نمائشی ٹی 20 میچ؛ ممبئی میں خواتین کرکٹرز نے رنگ جمادیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 23 مئ 2018
ممبئی : نمائشی ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ کیلیے یکجا ہونے والی عالمی کرکٹ اسٹارز کا گروپ فوٹو، سپرنوواس نے ٹریل بلیزر کو 3 وکٹ سے شکست دے دی

ممبئی : نمائشی ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ کیلیے یکجا ہونے والی عالمی کرکٹ اسٹارز کا گروپ فوٹو، سپرنوواس نے ٹریل بلیزر کو 3 وکٹ سے شکست دے دی

 ممبئی:  آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر سے قبل منعقدہ نمائشی ٹی 20 ویمنز کرکٹ مقابلے میں سپرنوواس نے ٹریل بلیزر نامی ٹیم کو 3وکٹ سے شکست دے دی فاتح ٹیم کیلیے ڈینئیل وائٹ 24 رنز بناکر نمایاں رہیں جبکہ آسٹریلوی اسٹار میگ لیننگ 16رنز بناسکیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر سے قبل وانکھیڈے اسٹیڈیم پر منعقدہ نمائشی ویمنز ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ میں سپرنوواس نے ٹریل بلیزر نامی ٹیم کو 3وکٹ سے ہرادیا، مقابلے میں دونوں جانب سے کئی انٹرنیشنل اسٹارز نے حصہ لیا، سپرنوواس نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، ناکام سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 129رنز اسکور کیے، کیوی بیٹسویمن سوزی بیٹس 32، جیمیا روڈریگوئز 25 ، دیپتی شرما21 اور کپتان سمرتی مندھانا 14 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

میگن شٹ اور الیسی پیری نے 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،راجیشوری گائیکواڈ اور انوجا پٹیل نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی، فاتح الیون نے ہدف 7 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، ڈینیلی وائٹ نے سب سے زیادہ 24رنز بنائے، اوپنر متھالی راج 17 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 22رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔

ان کی اننگز میں ایک سکسر بھی شامل رہا، کپتان ہرمنپریت کور نے پویلین واپسی سے قبل 21رنز اپنے نام درج کرائے، میگ لیننگ 16رنز سے آگے نہیں بڑھ پائیں، انھوں نے 14 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 3 بار گیند کو بائونڈری لائن کے پار بھی پہنچایا، سوفی ڈیوائن نے19رنز اسکورکیے، الیسی پیری 13 پر ناٹ آئوٹ رہیں، پونم یادیو اور سوزی بیٹس نے 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔