انٹر نیشنل اسکواش ؛ پاکستان امسال7 ایونٹس کی میزبانی کریگا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
پشاور میں رمضان تربیتی کیمپ جاری، نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا، قمر زمان 
 فوٹو: فائل

پشاور میں رمضان تربیتی کیمپ جاری، نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا، قمر زمان فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے رواں سال پاکستان کو7 بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی سونپ دی نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے پشاور میں رمضان تربیتی کیمپ جاری ہےجس میں نئے ٹیلنٹ کوسامنے لایا جائے گا۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ پی ایس اے نے رواں سال 5 ہزار ڈالر سے لے کر 70 ہزار ڈالر کے 7 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس میں تین ایونٹ اسلام آباد، دو کراچی اور دو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ایک ایونٹ پاکستان سرکٹ ون مینز 10 ہزار ڈالر جبکہ خواتین کا 5 ہزار ڈالر کا کامیابی سے انعقاد ہو چکاہے۔ عید کے بعد لاہور میں پی ایس اے کا ایونٹ کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد مرحلہ وار اسلام آباد سمیت کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلے ہوں گے۔ ان ایونٹ میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قمر زمان نے کہاکہ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی مقابلوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور یہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلیے کارآمد ثابت ہو رہا ہے کیونکہ ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایئر فورس ملک میں اسکواش کے فروغ اور بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

قمر زمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں رمضان تربیتی کیمپ لگایا ہے جس میں انڈر19 انڈر،11 اور انڈر 13 کے جونیئر 70 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں، کھلاڑیوں کے مابین ہر روز لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے جارہے ہیں تاہم اس تربیت کا فائنل رائونڈ 12جون کو کھیلاجائے گا، تربیت کا مقصد نچلی سطح سے جونیئر کھلاڑیوںکو آگے لانا ہے، انھوں نے کہا کہ ان جونیئر کھلاڑیوں میں سے باصلاحیت پلیئرزکوقومی سطح پر لانے کے لیے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔