انگلینڈ سے سیریز؛ مصباح نے حارث سے امیدیں وابستہ کرلیں

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 24 مئ 2018
 قومی ٹیم میزبان کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، سیریز آسان نہیں ہوگی، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

 قومی ٹیم میزبان کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، سیریز آسان نہیں ہوگی، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

 لاہور: سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل بہتر تکنیک کی بدولت انگلینڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ مستقبل میں بیٹنگ کا ستون ثابت ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ناتجربہ کار ٹیم کیلیے سیریزآسان نہیں ہو گی، انگلینڈ کی کنڈیشنز سال کے اس حصے میں آسان نہیں ہوتیں، میزبان ٹیم کا بولنگ اٹیک بھی خاصا تجربہ کار ہے، چیلنج بہت بڑا ہے لیکن پاکستانی کرکٹرز کو سپورٹ کرنا ہو گا، نوجوان پلیئرز کیلیے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی ہے، کیونکہ انگلینڈ جیسے ملک میں پرفارم کرنے کے بعد اعتماد میں ہونے والا اضافہ کیریئر کی اچھی بنیاد ثابت ہوتا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ میری نگاہیں خاص طور پر حارث سہیل کی کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔ وہ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے درکار تکنیک بھی رکھتے ہیں اور ٹیسٹ پلیئر کا مزاج بھی، پیس بولنگ کا اچھے انداز میں سامنا کرتے ہیں، غیرضروری سٹروکس سے گریز اور گیندوں کو چھوڑنا طویل فارمیٹ میں دونوں اہم چیزیں ہیں، حارث سہیل اس معاملے میں کافی بہتر ہیں، امید ہے کہ حالیہ سیریز اور اس کے بعد مستقبل میں بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی بیٹنگ کا اہم ستون ثابت ہونگے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد کو اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے بیٹنگ کا بوجھ اٹھانا ہو گا، موجودہ صورتحال میں پاکستان کے پاس اظہر علی کو اوپنر بھیجنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، سرفراز احمد بھی آگے چل کر اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ایک کامیاب کپتان کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔