ایشین گیمز کی تیاریاں؛ فٹبال کیمپ پی ایس بی کی معاونت سے محروم

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 25 مئ 2018
ٹریننگ کا آج آغاز ہوگا، پلیئرز کی رہائش کا پنجاب اسپورٹس بورڈ ہاسٹل میں انتظام۔ فوٹو: فائل

ٹریننگ کا آج آغاز ہوگا، پلیئرز کی رہائش کا پنجاب اسپورٹس بورڈ ہاسٹل میں انتظام۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کیلیے پی ایف ایف کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی معاونت حاصل نہیں ہوگی، کیمپ کیلیے منتخب56 پلیئرز کی آمد کا سلسلہ گزشتہ روز شروع ہوگیا۔

ایشین گیمز کا انعقاد انڈونیشیا میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک ہوگا، جس میں پاکستان کی انڈر 23 ٹیم شریک ہوگی، اسکواڈ میں 3 سینئرز بھی شامل کرنے کی اجازت ہوگی، ساف کپ بنگلہ دیش میں 4 سے 15ستمبر تک شیڈول ہے، اس ایونٹ میں سینئر ٹیم شرکت کرسکتی ہے۔

قومی فٹبالرز کا تربیتی کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے، برازیلی کوچ جوز انٹونیو ناگورا کراچی میں پاکستان چیلنج کپ کے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد لاہور پہنچ چکے ہیں، ان کی معاونت کیلیے جوز رابرٹو پورٹیلا آج پہنچ رہے ہیں۔

کیمپ کیلیے56 مقامی پلیئرز کو بلایا گیا ہے، ان میں سے بیشتر کی آمد گزشتہ روز ہی شروع ہوگئی تھی، پلیئرز کو اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ہاسٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پی ایف ایف کے تعلقات خوشگوار نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان فٹبال ٹیم کو ایشین گیمز کیلیے اسپانسر کیے جانے کا امکان نہیں، پی ایف ایف کو ایونٹ کی تیاریوں کیلیے اخراجات کا بوجھ خود اٹھانا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔