سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار

ویب ڈیسک  جمعـء 25 مئ 2018
 فلم ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ جاری ہے جسے 2019 کے آغاز میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے . فوٹو : فائل

فلم ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ جاری ہے جسے 2019 کے آغاز میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے . فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگیا ہے۔ 

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے، سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم ’’کیدارناتھ‘‘ پہلے تاخیر کا شکار ہوئی جس کی وجہ یہ تھی کہ پروڈیوسر اور ہدایت کار فلم کے کچھ  مناظر کو اتر اکھنڈ میں نہیں بلکہ ممبئی میں فلمانا چاہتے تھے، یہ تنازعہ حل ہوا تو فلم  کی ٹیم کے درمیان دیگر تنازعات پیدا ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم تاخیر کا شکار

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ فلم ’’کیدارناتھ‘‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی شوٹنگ مکمل کیے بغیر دوسری فلم ’’سمبا‘‘ سائن کرنے پر سارہ علی خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے جس میں انہوں نے 5 کروڑ ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلمساز ابھیشیک کپور کی جانب سے سارہ علی خان کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس کے مطابق سارہ علی خان فلم ’’کیدارناتھ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جس کی شوٹنگ ستمبر 2017 سے شروع ہوئی ہے جب کہ معاہدے کے مطابق سارہ کسی بھی وقت شوٹنگ کے لئے حاضر رہیں گی اور اب سارہ کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ دوسری فلم سائن کرنے کے بعد سارہ جون میں اپنی دیگر شوٹنگ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گی جو کہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سارہ علی خان رنویر سنگھ کی ہیروئن بنیں گی

واضح رہے فلم ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ جاری ہے جسے 2019 کے آغاز میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جب کہ رنویر سنگھ کی نئی ایکشن فلم ’’سمبا‘‘رواں برس 28 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔