پروفیشنل اداکارہ ہوں کردار کو ڈیمانڈ کے مطابق نبھانا اولین ترجیح ہوتا ہے، حیا سہگل

شوبز رپورٹر  ہفتہ 26 مئ 2018
ٹی وی پربہت سے اہم کردارنبھائے ،لیکن میری اصل منزل بڑی اسکرین ہی ہے، حیا سہگل۔ فوٹو : فائل

ٹی وی پربہت سے اہم کردارنبھائے ،لیکن میری اصل منزل بڑی اسکرین ہی ہے، حیا سہگل۔ فوٹو : فائل

 لاہور: اداکارہ وماڈل حیاء سہگل نے کہا ہے کہ ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں اور اپنے کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق کردارنبھانا ہی میری اولین ترجیح ہوتا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے حیا سہگل نے کہا کہ پاکستان میں کام کرتے ہوئے میری منفرد سوچ مجھے کامیابی کی منزل پر لے کرپہنچی ہے اوراس کے بعد جب مجھے بھارت میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہاں بھی منفرد کردار ہی میری اولین ترجیح رہے۔

حیا سہگل نے کہا کہ میرے نزدیک ایک طرف تو کردارکی ڈیمانڈ کوانتہائی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ پورا کرنے والا ہی ورسٹائل فنکارمانا جاتا ہے اوردوسری جانب یہی انداز اسے دوسرے فنکاروں سے منفرد بھی بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے ’’ اسٹارز ‘‘کے پیچھے بھاگنے سے بہتر سمجھا کہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعہ اپنی خود کی پہچان بناؤں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایک بات جانتی ہوں کہ انہی فنکاروں کے کام کوسراہا جاتا ہے جومنفرد کام کریں ، وہی فنکاراپنے ملک کی شناخت بنتے ہیں اورجو لوگ ایسا نہیں کرتے وہ راتوں رات اندھیروں میں گم ہوجاتے ہیں۔

حیاسہگل نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان میں ٹی وی انڈسٹری کیلیے بہت سے اہم کردارنبھائے ہیں اورمزید پروجیکٹس میں بھی کام کررہی ہوں لیکن میری اصل منزل بڑی اسکرین ہی ہے۔ بڑی اسکرین کے جادونے مجھے ہمیشہ متاثر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ٹی وی کے ساتھ ساتھ اس وقت فلم کے شعبے میں بھی کام کر رہی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔