شہر میں گرمی کا زور نہ ٹوٹ سکا، پارہ پھر 42 ڈگری تک پہنچ گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 مئ 2018
سمندرکی جنوب مغربی ہواؤں کے ساتھ مغربی اور شمال مغربی ہوائیں چلیں،دوپہرکے وقت ہوامیں نمی کاتناسب65 فیصد تھا۔ فوٹو:فائل

سمندرکی جنوب مغربی ہواؤں کے ساتھ مغربی اور شمال مغربی ہوائیں چلیں،دوپہرکے وقت ہوامیں نمی کاتناسب65 فیصد تھا۔ فوٹو:فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعہ کو درجہ حرارت 37 سے39 ڈگری رہنے کی توقع کی تھی تاہم پارہ بڑھتے بڑھتے پھر42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

گزشتہ روز شہر میں گرمی کا پارہ42 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا سمندری ہواؤں میں شمالی مغربی ہوائیں شامل ہونے سے درجہ حرارت اندازوں سے بڑھ گیا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے39 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم گزشتہ روز گرمی کا پارہ بڑھتے بڑھتے پھر42 ڈگری تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد رہا جبکہ بعدازاں ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ریکارڈ کیا گیا سمندر کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی شہر میں گرمی کی کیفیت اس وقت پیدا ہوئی جب سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کے ساتھ مغربی اور شمال مغربی ہوائیں بھی چلنے لگیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت غیر متوقع طورپر بلند ہوگیا اور گرمی میں محکمہ موسمیات کے اندازوں سے کئی ڈگری اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج (ہفتے) کو بھی شہر کا درجہ حرارت 37سے 39ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔