پاکستان سپر کبڈی لیگ، پلیئرز کو معاوضے نہ مل سکے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 26 مئ 2018
کھلاڑیوں کے بینک اکائونٹس بنتے ہی واجبات کلیئر کر دیں گے، حیدر علی دائود۔ فوٹو:فائل

کھلاڑیوں کے بینک اکائونٹس بنتے ہی واجبات کلیئر کر دیں گے، حیدر علی دائود۔ فوٹو:فائل

 لاہور:  پاکستان سپر کبڈی لیگ میں شریک پلیئرز کو معاوضے نہ مل سکے۔

سپر کبڈی لیگ کے میچز 2 سے10 مئی تک نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں قائم اسپورٹس بورڈ پنجاب انڈور جمنازیم ہال میں کھیلے گئے، ایونٹ میں ملک بھر سے90 اور10غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی، ایونٹ کیلیے10 ٹیموں میں مقابلہ ہوا، فائنل میں فیصل آباد شیردلز کو ہرا کر گجرات وارئیرز کی ٹیم فاتح بنی تھی۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو رقم کی ادائیگی تاحال ممکن نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں۔

کبڈی لیگ میں شریک کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شرکت سے قبل رقم کی بروقت ادائیگی کا یقین دلایا گیا تھا، ایونٹ میں گولڈ کیٹیگری کیلیے منتخب کھلاڑیوں کو 75 ہزار اور پلاٹینیم کیلیے ڈیڑھ لاکھ روپے معاوضہ مختص کیا گیا تھا مگر اب تک رقم کی منتقلی ممکن نہیں ہوسکی۔ منتظمین نے ایک بار پھر کھلاڑیوں کو رقم کی منتقلی کا وعدہ کیا ہے۔

دوسری جانب منتظمین رقم کی منتقلی شفاف انداز میں کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سپر کبڈی لیگ کے چیئرمین حیدر علی داؤد خان کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور کوچز کو ادائیگی کیلیے پاکستان کبڈی فیڈریشن نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن سے تصدیق شدہ بینک اکائونٹس مانگے تھے تاکہ معاملات شفاف اور ریکارڈ درست رہے۔

حیدر علی داؤد خان نے بتایا کہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی کھلاڑیوں کے بینک اکائونٹس تک نہیں تھے، ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے والے ہر شخص کے شکر گزار ہیں، کھلاڑی ملک کے ہیروز ہیں، ان کی عزت افزائی کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے، کوائف کی فراہمی کا مکمل ہوتے ہی تمام کھلاڑیوں کی رقم ان کے بینک اکائونٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔