قومی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم تشکیل دے دی گئی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 26 مئ 2018
پاکستان بلائنڈ ویمن ٹیم رواں برس نیپال کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، سید سلطان شاہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان بلائنڈ ویمن ٹیم رواں برس نیپال کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، سید سلطان شاہ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے قومی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم تشکیل دے دی۔

قومی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی لانچنگ کی تقریب گزشتہ شام لاہور میں منعقد ہوئی، بلائنڈ ویمن کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کیلیے تقریب میں پی سی بی ویمن ونگ کے سربراہ شاہد اسلم، قومی ویمن کرکٹرز سیدہ نین عابدی، جویریہ ودود اور ناہیدہ بی بی نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 100سے زائد لڑکیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ ابتدائی طور پر 15رکنی ٹیم کو پاکستان اسکواڈ کا درجہ دیا گیا ہے، 40 سے 50 لڑکیوں کو ملک بھر سے منتخب کرکے آئندہ ماہ ایبٹ آباد میں ان کا تریبتی کیمپ لگائیں گے جس کے بعد ٹیم کی کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان بلائنڈ ویمن ٹیم رواں برس نیپال کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی جبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی بلائنڈ ویمن ٹیم بنائی ہے، ان کے ساتھ بھی سیریز کیلیے بات کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔