حکومت کھیلوں پر فی شہری سالانہ 5 روپے خرچ کر رہی ہے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 26 مئ 2018
نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف 40 سال قبل بدلی گئی تھی، قائمہ کمیٹی میں بریفنگ۔ فوٹو: فائل

نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف 40 سال قبل بدلی گئی تھی، قائمہ کمیٹی میں بریفنگ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  حکومت ہر شہری کیلیے سالانہ کھیلوں پر 5 روپے خرچ کر رہی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا پہلا اجلاس چیئرمین سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا، کمیٹی اراکین نے بھی عدم دلچسپی کا اظہار کیا، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم بھی غائب رہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس پاکستان اسپورٹس بورڈ نے لگا دیے ہیں جبکہ پاکستان نے سائوتھ ایشین گیمز کی بھی میزبانی کرنی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ نارووال اسپورٹس سٹی بھی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے ایک بڑا اثاثہ ہوگا جبکہ مختلف سینٹرز پر بھی تربیتی کیمپس لگائے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کمیٹی کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انفراسٹرکچر اور سہولیات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سوال کیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کہاں ہیں جس پر وزارت کے حکام نے بتایا کہ وہ بیمار ہیں اس لیے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ابوعاکف نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلیے قائم ادارہ پاکستان اسپورٹس بورڈکا بجٹ ایک ارب روپے ہے جس میں سے آدھا بجٹ پی ایس بی کی تنخواہوں میں نکل جاتا ہے جبکہ وفاقی حکومت پاکستان میں کھیلوں کیلیے ہر شہری پر اوسطاً 5 روپے سالانہ خرچ کر رہی ہے، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے حالات کچھ اچھے نہیں ہیں، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف بھی 40 سال قبل تبدیل کی گئی، اب اسٹیڈیم میں ہاکی نہیں کھیلی جاسکتی، کھیلوں کی بہتری کیلیے ترقیاتی بجٹ کم ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔