وسیم اکرم اور سرفراز احمد سمیت 98 کھلاڑی تنخواہوں سے محروم

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 مئ 2018
کھلاڑٰی ملازمین کی تنخواہیں حاضری کا کارڈ پنچ نہ کرنے پر روکی گئی ہیں، پی آئی اے انتظامیہ : فوٹو : فائل

کھلاڑٰی ملازمین کی تنخواہیں حاضری کا کارڈ پنچ نہ کرنے پر روکی گئی ہیں، پی آئی اے انتظامیہ : فوٹو : فائل

کراچی: پاکستان ائیرلائن پی آئی اے میں ملازم قومی کھلاڑیوں کی تنخواہیں روک لی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے میں ملازم شعبہ کھیل سے تعلق رکھنے والے 98 ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ ماہ سے روک لی گئی ہیں اور کھلاڑیوں کو تاحال اپریل کی تنخواہیں بھی جاری نہیں کی گئی۔ جو کھلاڑی عتاب کا شکار ہیں ان میں دنیائے کرکٹ کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر اور کنگ آف سوئنگ وسیم اکرم، سابق وکٹ کیپر معین خان، قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد، انور علی، فیصل اقبال، عظیم حفیظ اوراعزاز چیمہ سمیت دیگر معروف کرکٹرز شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی مالی پریشانی کا شکار ہیں جس میں قومی ہاکی ٹیم کے عرفان، زبیر، شفقت رسول اورعمران بٹ، اولمپئین شاہد علی خان، قمر ابراہیم اور محمد عثمان شامل ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں حاضری کا کارڈ پنچ نہ کرنے پر روکی گئی ہیں، دوسری جانب کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہ کے لئے ہیڈ آفس آکر حاضری کی شرط ہٹائی جائے۔

دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے میڈیا پر اسپورٹس ملازمین کو تنخواہیں نہ دینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے شر پسند عناصر کی جانب سے منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ کسی اسپورٹس ملازم کی تنخواہ نہیں روکی گئی، ملکی و بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو حاضری سے استثنٰی دیا گیا ہے۔ ان میں وہ بھی شامل ہیں جو کرکٹ بورڈ یا کسی فیڈریشن کے ساتھ منسلک ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر تمام کھلاڑیوں کو ادارے کی پالیسی کے مطابق باقاعدگی سے حاضری لگانا لازمی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔