پچ فکسنگ اسیکنڈل میں پاکستانی کرکٹر حسن رضا کا نام بھی سامنے آگیا

ویب ڈیسک  اتوار 27 مئ 2018
وکٹ فکسر نے 2017 میں بھارت سری لنکا میچ بھی فکس کرنے کا اعتراف کیا ہے فوٹو:فائل

وکٹ فکسر نے 2017 میں بھارت سری لنکا میچ بھی فکس کرنے کا اعتراف کیا ہے فوٹو:فائل

قطر: تہلکہ مچانے والے وکٹ فکسنگ اسکینڈل میں پاکستانی کرکٹر حسن رضاکانام بھی سامنےآگیا۔

عرب ٹی وی الجزیرہ  کے رپورٹر نے اسٹنگ آپریشن کے ذریعے سری لنکا میں کرکٹ میچ فکسنگ کی نئی سازش بے نقاب کی ہے تاہم اب اس اسکینڈل میں پاکستانی کرکٹر حسن رضا کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

الجزیرہ ٹی وی سے تعلق رکھنے والا ایک رپورٹر بزنس مین کے روپ میں گال اسٹیڈیم کے اسسٹنٹ مینجر تھرانگا اندیکا اور سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس سے ملا اور اس دوران ہونےو الی ساری گفتگو کو خفیہ کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کیا، عرب ٹی وی کی ویڈیومیں بھارتی کرکٹرکےساتھ حسن رضابھی موجود ہیں۔ تاہم حسن رضا اس گفتگو میں براہ راست شریک نہیں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں ایک اور بڑا اسکینڈل بے نقاب؛ سری لنکا میں وکٹ فکسنگ کا انکشاف

عرب ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی فوٹیج اورریکارڈ ہونے والی گفتگو میں دکھایاگیا ہے کہ رپورٹرگال اسٹیڈیم میں 6 نومبر سے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان شیڈول میچ کو فکس کرنے کی بات کررہا ہے۔ اس دوران گال اسٹیڈیم کے اسٹاف نے سری لنکا انگلینڈ ٹیسٹ کیلیے پچ خراب کرنےکی یقین دہانی کرائی، رپورٹر نے فکسر سے سوال کیا ٹیسٹ میچ 5 کی بجائے 3 یا 4 روز میں ختم ہوجائےگا جس پر وکٹ فکسر نے جواب دیا ٹیسٹ میچ اس سےبھی جلدختم کروادوں گا۔

فکسر نے کہا پچ کو میچ سے 2 ہفتےقبل کھلا  چھوڑ دیں گے، پانی بھی نہیں لگائیں گے۔ عرب ٹی وی کے مطابق وکٹ فکسر نے 2017 میں بھارت سری لنکا میچ بھی فکس کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ آئی سی سی کا اس اسکینڈل کے حوالے سے کہنا ہے کہ فکسنگ کی مکمل رپورٹ آنےپرتحقیقات کریں گے، جب کہ انگلش کرکٹ بورڈ  کا کہنا ہے کہ فکسنگ سے متعلق رپورٹ سے آگاہ ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے مبینہ اسکینڈل میں حسن رضا کا نام سامنے آنے کے بعد معاملات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، اگر کرکٹر کے خلاف شواہد ملے تو ایکشن لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عرب ٹی وی، وکٹ فکسنگ کی مکمل رپورٹ آج نشرکرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔