مولانا کردار کشی سے باز نہ آئے تو ہتک عزت کا دعویٰ کرونگی، مسرت شاہین

عمیر علی انجم  بدھ 24 اپريل 2013
ہرحال میں مولانافضل الرحمٰن کے مقابل الیکشن لڑوں گی تاکہ ان کی مذہبی منافقت کاخاتمہ کیا جاسکے۔ مسرت شاہین فوٹو: فائل

ہرحال میں مولانافضل الرحمٰن کے مقابل الیکشن لڑوں گی تاکہ ان کی مذہبی منافقت کاخاتمہ کیا جاسکے۔ مسرت شاہین فوٹو: فائل

کراچی: سینئر اداکارہ مسرت شاہین نے کہاہے کہ میں اپنے دوپٹے کوکفن بناکے گھرسے نکلی ہوں، ہرحال میں مولانافضل الرحمٰن کے مقابل الیکشن لڑوں گی تاکہ ان کی مذہبی منافقت کاخاتمہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کیا۔ ان کاکہنا تھاکہ مجھے میرے حلقے میں الیکشن مہم کے لیے گاڑیاں کرائے پرنہیں دی جارہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی گاڑیاں کوئی خودکش حملہ آور تباہ کردے گا۔ ایک سوال کے جواب میں مسرت شاہین کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے جلسوں میں میری کردارکشی کررہے ہیں۔ وہ اپنے اس عمل سے باز آجائیں ورنہ میں ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کروں گی۔

انھوں نے مزید کہاکہ ہار اور جیت تو زندگی کا حصہ ہے مگر میں اقتدار میں آئی تو سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھاؤںگی اورعوام کو روزگارفراہم کروںگی۔ اس وقت پورے ملک میں خوف کا عالم ہے۔ ہر آدمی دوسرے سے ڈرتاہے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال نے اس پاکستان کا خواب نہیں دیکھا تھا۔ مولانافضل الرحمٰن جیسے تمام سیاستدان اپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ انھوں نے قوم کو کیادیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ میرے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان کی انتظامیہ سوتیلی ماں جیساسلوک کر رہی ہے۔ اگر اداکارہ ہونا میرا قصور ہے تو سیاسی رہنما زیادہ بڑے اداکارہیں جو عوام کو مسلسل بے وقوف بنارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔