یورپی یونین میں ایک بار استعمال کے پلاسٹک پرپابندی تجویز

خبر ایجنسی  منگل 29 مئ 2018
متبادل موادسے تیار،2025تک مشروبات کی پلاسٹک بوتلیں بھی واپس لینے پر زور۔ فوٹو: فائل

متبادل موادسے تیار،2025تک مشروبات کی پلاسٹک بوتلیں بھی واپس لینے پر زور۔ فوٹو: فائل

برسلز:  یورپی یونین نے 28 ملک بلاک میں اسٹرا، کاٹن بڈ جیسے ایک بار استعمال کے پلاسٹک پرپابندی اور ان کی متبادل موادسے تیاری تجویز کرتے ہوئے 2025 تک مشروبات کی پلاسٹک بوتلیں بھی مارکیٹ سے واپس لینے پر زوردیا ہے۔

یورپی یونین کے فرسٹ وائس پریزیڈنٹ فرانس ٹیمرمینز نے کہاکہ پلاسٹک کا فضلہ بلاشہ بڑا ایشو ہے اور یورپی شہریوں کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، آج کی تجاویز کے ذریعے ایک بار استعمال کا پلاسٹک مختلف اقدامات کے ذریعے سپرمارکیٹ میں کم کیا جائے گا۔

تجاویز میں کاٹن بڈز، کٹلری، پلیٹس، اسٹرا، ڈرنک اسٹیررز وغیرہ پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم کوئی ڈیڈلائن نہیں دی گئی، ان آئٹمز کو متبادل پائیدار مواد سے تیار کرنے کی سفارشس کی گئی ہے، یہ تجاویز ایک پلان میں دی گئی ہیں جس کی تمام 28 رکن ملکوں اور یورپی پارلیمنٹ سے منظوری ضروری ہے، رکن ملکوں کو لازمی طور پر پلاسٹک فوڈ کنٹینرز اور ڈرنکس کپس میں کمی لانا ہوگی اور ان کے متبادل کی فروخت کو فروغ دینا ہوگا۔

منصوبے کے تحت پروڈیوسرز کو ویسٹ مینجمنٹ کی لاگتوں میں بھی حصہ ڈالنا ہوگا اور کم آلودگی کے حامل متبادل آئٹمز کی تیاری کے لیے ترغیبات بھی دینا ہوں گی، مثال کے طور پر پلاسٹک فشنگ گیر کے پروڈیوسرز کو پورٹ سے فضلے کو حاصل کرنے کی لاگت برداشت کرنا ہوگی جبکہ رکن ملکوں کو 2025 تک 90 فیصد سنگل یوز پلاسٹک ڈرنکس بوتلوں کو ڈپازٹ ریفنڈ اسکیموں کے ذریعے واپس لینا ہوگا، ساتھ ہی پروڈیوسرز کو پروڈکٹس پر صارفین کی آگہی کیلیے انھیں تلف کرنے کے طریقے لکھنا ہوں گے۔

یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ یورپی کمپنیوں کی پائیدار مصنوعات کی فروغ پاتی مارکیٹ میں مزید مسابقتی ہونے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔